0
Saturday 11 Feb 2017 20:34

فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال کا مصافحہ سب سمجھنے کیلئے کافی ہے، مصطفیٰ عزیز آبادی

فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال کا مصافحہ سب سمجھنے کیلئے کافی ہے، مصطفیٰ عزیز آبادی
اسلام ٹائمز۔ جامعہ کراچی کے سیمینار میں ڈاکٹر فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال کی ملاقات اور مصافحے کے حوالے سے ایم کیو ایم لندن نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں رہنماؤں کا مصافحہ سب سمجھنے کے لئے کافی ہے۔ ماضی میں ایک ہی جماعت اور ایک ساتھ پریس کانفرنسز کرنے والے اور موجودہ سیاسی حریف اور اپنے بیانات میں ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کرنے والے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے جب جامعہ کراچی میں منعقدہ ایک سیمینار میں ساتھ بیٹھ کر مصافحہ کیا تو میڈیا میں یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی لیکن دونوں رہنماؤں کے ماضی کے ساتھیوں اور ایم کیو ایم لندن کو یہ ادا پسند نہ آئی اور انہیں تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔ ایم کیو ایم لندن کے رہنما مصطفیٰ عزیز آبادی نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر دونوں رہنما کے حوالے سے لکھا ہے کہ جامعہ کراچی میں فوج کے ادارے آئی ایس پی آر کا سمینار اور یہ منظر بہت کچھ سمجھنے کے لئے کافی ہے۔

ایم کیو ایم لندن کے رہنما واسع جلیل نے بھی اسی پیغام کو دوبارہ پوسٹ کیا۔ جب کہ واسع جلیل نے اپنی ٹوئٹ میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور پاک سرزمین کے سربراہ مصطفیٰ کمال کی تصویروں کے ساتھ جملہ لکھا ہے پہنچی وہیں پہ خاک جہاں کا خمیر تھا۔ دوسری جانب مصطفیٰ کمال نے نجی ٹی وی سے خصوصی بات کرتے ہوئے کہا کہ فاروق ستار سے میری کوئی ذاتی رنجش یا اختلاف نہیں، لیکن ہمارے نظریاتی اختلافات اپنی جگہ اب بھی موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہم دونوں نے ایک ہی پلیٹ فارم پر کام کیا ہے، ان سے مصافحہ کرتے ہوئے کوئی بات نہیں کی۔
خبر کا کوڈ : 608607
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش