0
Sunday 12 Feb 2017 00:49

شہر میں ترقیاتی کاموں کے لئے نجی شعبے کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کیا جائے گا، ڈاکٹر ارشد وہرہ

شہر میں ترقیاتی کاموں کے لئے نجی شعبے کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کیا جائے گا، ڈاکٹر ارشد وہرہ
اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے کہا ہے کہ شہر میں ترقیاتی کاموں کے لئے نجی شعبے کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کیا جائے گا تاکہ مختلف علاقوں میں رہائش اور کاروبار کیلئے بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں، سخی حسن سے لے کر منگھوپیر روڈ تک سڑکوں کی صفائی ستھرائی، لائٹنگ اور سبزہ کاری کے لئے نیا ناظم آباد پروجیکٹ کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کریں گے، شہر کی پلاننگ منظم انداز میں کی جائے تو شہریوں کو بیشتر مسائل سے نجات دلائی جاسکتی ہے۔ نیا ناظم آباد پروجیکٹ کے دورے اور علاقے میں صفائی ستھرائی اور سڑکوں کا صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ نے کہا کہ نیا ناظم آباد پروجیکٹ ایک اچھا منصوبہ ہے اس پر کام کرنے والے شہر کی بہتری کے لئے ہمارے پاس پلان لے کر آئیں اور ہماری رہنمائی کریں، تاکہ ہم کچی آبادیوں میں غیر قانونی قبضے کو ختم کراکے وہاں عوام کے لئے اچھے اور مفید پروجیکٹ بنا سکیں، ساتھ ہی دیگر شہری علاقے عمدہ انداز میں ترقی کریں اور وہاں رہنے والوں کے مسائل حل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی نصف آبادی کچی آبادیوں میں رہتی ہے جہاں انہیں بنیادی شہری سہولیات میسر نہیں، اس لئے ہماری خواہش ہے کہ نجی شعبے سے تعمیراتی ادارے اور پلانر اس سلسلے میں تعاون فراہم کریں، ہم ایسے منصوبوں پر کام کرنا چاہتے ہیں جن سے کے ایم سی اور کراچی شہر کو فائدہ پہنچے، خاص طور پر ایسے علاقوں پر توجہ مرکوز کی ہے جہاں شہریوں کو بہتر سہولیات میسر نہیں۔ ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے منگھوپیر روڈ سے لے کر سخی حسن تک سڑک کا معائنہ کیا، صفائی ستھرائی، لائٹنگ، قلندریہ چوک اور سیکٹر 7D-3 نارتھ کراچی میں سڑکوں اور صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا اور افسران کو ضروری ہدایات دیں۔ ڈپٹی میئر کراچی نے اس امید کا اظہار کیا کہ سرکاری اور نجی شعبے کے تعاون سے کراچی کے شہریوں کو بہتر شہری سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی اور شہریوں کے لئے مثالی منصوبے بنیں گے، جن سے کراچی شہر کے مسائل تیزی سے حل ہوں گے اور شہریوں کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 608674
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش