0
Sunday 12 Feb 2017 23:54

اتحاد کے ذریعے سے ہی اسلام مخالف قوتوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں، مقررین کا مسلم یونٹی یوتھ کانفرنس سے خطاب

اتحاد کے ذریعے سے ہی اسلام مخالف قوتوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں، مقررین کا مسلم یونٹی یوتھ کانفرنس سے خطاب
اسلام ٹائمز۔ مسلمانوں کو مسالک سے بالا تر ہوکر متحد ہونا چاہیے۔ اسلام نے ہمیں اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے کا ارشاد فرمایا ہے اور اسی تاکید کے ساتھ فرقہ واریت سے دور رہنے کا بھی حکم دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار شیخ الحدیث مفتی گلزار احمد نعیمی سربراہ جماعت اہل حرم نے مسلم یونیٹی یوتھ کانفرنس زیر اہتمام جماعت اہل حرم یوتھ ونگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالٰی نے ہمیں قرآن مجید میں اسلام کے نام پر متحد رہنے کی تلقین کی ہے اور قرآن نے ہمارا نام مسلمان رکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کے لئے ہمارے تعلیمی نظام میں کوئی ایسی چیز موجود نہیں ہے، جو انہیں صراط مستقیم پر رکھ سکے۔ انہوں نے خود ہی اپنی اسلامی تعلیمات کو حاصل کرنا ہوگا اور طاغوتی قوتوں کے مقابلے میں اپنا لائحہ عمل طے کرنا ہوگا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ امین شہیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان بنیادوں کو دیکھنا ہوگا، جو امت میں اختلاف کا باعث بن رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طاغوت، پہلے اختلاف کی راہ ہموار کرتا ہے، اختلاف کو مزید بڑھاتا ہے اور پھر اسلام کو مورد الزام ٹھہرا کر اسلام اور اہل اسلام کو دہشت گرد قرار دیتا ہے۔ سلطنت عثمانیہ اہل سنت کی ایک عظیم سلطنت تھی، جو اسلام کی ایک نمائندہ ریاست تھی، اس کو ٹکروں میں تقسیم کرکے اپنے گماشتوں کے حوالے کر دیا گیا۔ آج انہی ٹکروں کو مزید حصوں بخروں میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ڈاکٹر منیر احمد نے کہا کہ ہم اتحاد کے ذریعے سے ہی اسلام مخالف قوتوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ ہماری پہچان دین ہے اور یہ ہمیں باہمی اتحاد اور محبت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اہل حرم پاکستان کی یہ کوشش قابل تحسین ہے اور یہ کوشش اتحاد امت کے لئے سنگ میل ثابت ہوگی۔ یوتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیر زادہ محمد جنید امین پیر آف مانکی شریف نے کہا کہ دربار عالیہ مانکی شریف کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح خیبر پختونخوا میں جب تشریف لائے تو وہ مانکی شریف میں ہی تشریف لائے تھے، ہمارے بزرگوں نے قیام پاکستان میں مرکزی کردار ادا کیا تو اس کی وجہ یہی تھی کہ ہم اس ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے خواہش مند تھے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ کے صدر شہیر سیالوی نے کہا کہ عشق رسول کا فروغ امت میں اتحاد کا اہم سبب ہے اور ناموس رسالت کا تحفظ مسلمانوں کی اولین ذمہ داریوں میں سے ہے۔ کانفرنس میں ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور البصیرہ کے صدر نشین ثاقب اکبر نے جماعت اہل حرم کے بارے میں نظم پیش کی۔ مسلم یونیٹی یوتھ کانفرنس سے صاحبزادہ کاشف گلزار نعیمی، عبدالرحمان جلالپوری، محمد بشیر اعوان، عبدالوہاب اعوان، طلحہ زبیر، ناصر کیانی، مجتبٰی نعیمی اور محترمہ شمسہ و دیگر نے خطاب کیا اور کثیر تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کے آخر میں سفیر عشق رسول پیر عبید احمد ستی نے دعا کروائی۔ نظامت کے فرائض راجہ طحیٰ نے انجام دیئے۔
خبر کا کوڈ : 608943
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش