QR CodeQR Code

حزب اللہ شام میں قومی مصالحت اور جنگ بندی کی مکمل حمایت کرتی ہے، سید حسن نصراللہ

12 Feb 2017 19:07

لبنان کے علاقے بعلبک میں مجلس عاملہ کے رکن شیخ حسین عبید کو خراج عقیدت کرنیکی تقریب سے خطاب میں حزب اللہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم ہم شام کے علاقوں الفوعہ اور کفریا کا انسانی بحران حل کئے جانے کے خواہاں ہیں اور یہ دعویٰ بالکل غلط ہے کہ حزب اللہ، شام میں آبادی کے ڈھانچے میں تبدیلی کی خواہاں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے کہا ہے کہ حزب اللہ، شام میں قومی مصالحت کی حمایت کرتی ہے۔ حزب اللہ کے سربراہ نے لبنان کے بعلبک کے علاقے میں حزب اللہ کی مجلس عاملہ کے رکن شیخ حسین عبید کو خراج عقیدت پیش کئے جانے کی مناسبت سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بعض عرب ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ حزب اللہ، قزاقستان کے درالحکومت آستانہ میں شام میں جنگ بندی سے متعلق ہونے والے سمجھوتے کے خلاف ہے، انھوں نے ہم پر اور ایران پر الزام بھی لگایا ہے کہ ہم شام میں خونریزی جاری رکھنا چاہتے ہیں، جبکہ حزب اللہ، شام میں جنگ بندی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ ہر اس اقدام کی حمایت کرے گی، جو شام میں قومی مفاہمت پر منتج ہوگا۔ سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ ہم نے بعض سمجھوتوں کو کامیاب بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔

حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ حلب میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کے کافی سیاسی و سکیورٹی نتائج برآمد ہوئے ہیں، شام کے بیشتر شہروں میں معمول کی زندگی اب واپس لوٹ آئی ہے اور شام پر داعش دہشت گرد گروہ کے کنٹرول کا خطرہ بھی مکمل طور پر ختم ہوگیا ہے۔ سید حسن نصراللہ نے مزید کہا کہ ہم الفوعہ اور کفریا کا انسانی بحران حل کئے جانے کے خواہاں ہیں اور یہ دعویٰ بالکل غلط ہے کہ حزب اللہ، شام میں آبادی کے ڈھانچے میں تبدیلی کی خواہاں ہے۔ انہوں نے شام میں حاصل ہونے والی کامیابیوں میں روس کے کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ امریکہ کا موقف، داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف ہوگا اور یہ کہ دنیا آج جا کر اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف جدوجہد کی جائے، جن کے خلاف ہم گذشتہ چھ برس سے جدوجہد کر رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 608947

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/608947/حزب-اللہ-شام-میں-قومی-مصالحت-اور-جنگ-بندی-کی-مکمل-حمایت-کرتی-ہے-سید-حسن-نصراللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org