0
Wednesday 15 Feb 2017 16:30
فوجی حملے کی امریکی دھمکیاں محض ایک حربہ ہے

آج ساری دنیا ملت ایران کی سربلندی اور ایران کے فیصلہ کن کردار کی معترف ہے، آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای

دشمن ہمارے ذہن کو حقیقی جنگ یعنی اقتصادی جنگ سے منحرف کرکے فوجی جنگ کیجانب لے جانا چاہتا ہے
آج ساری دنیا ملت ایران کی سربلندی اور ایران کے فیصلہ کن کردار کی معترف ہے، آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای
اسلام ٹائمز۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکہ فوجی طاقت کے استعمال کی دھمکیوں کے ذریعے ایرانی حکام کی توجہ حقیقی جنگ یعنی اقتصادی جنگ سے ہٹانا چاہتا ہے۔ بدھ کے روز تہران میں صوبہ مشرقی آذربائیجان کے ہزاروں لوگوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے سپریم لیڈر نے اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی ریلیوں میں ایرانی عوام کی بھرپور اور پرجوش شرکت کو انقلاب ایران اور اسلامی حکومت کی سربلندی کا باعث قرار دیا۔ انہوں نے عوام کی بھرپور اور پرجوش شرکت کی قدر دانی کرتے ہوئے کہا کہ اس سال نہ صرف ملکی ذرائع ابلاغ نے بڑے پیمانے پر عوامی شرکت کی تائید کی ہے بلکہ انقلاب دشمن قوتوں نے بھی ماضی کے برخلاف "ملینوں" جیسے الفاظ کا استعمال کرکے عوام کی عزت آفریں شرکت کا اعتراف کیا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے امریکہ کی موجودہ اور ماضی کی حکومتوں کی جانب سے ایران پر حملے کی دھمکیوں کے بار بار کے اعادے کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ماضی کی طرح آج ایک بار پھر، فوجی حملے کا آپشن میز پر ہونے کی بات کی جا رہی ہے اور ایک یورپی عہدیدار نے بھی ایک ایرانی عہدیدار سے کہا ہے کہ اگر جامع ایٹمی معاہدہ نہ ہوتا تو جنگ یقینی تھی، یہ بات قطعی جھوٹ ہے، وہ چاہتے ہیں کہ ہمارے ذہن کو حقیقی جنگ یعنی اقتصادی جنگ سے منحرف اور فوجی جنگ کی جانب لے  جائیں، تاکہ ملکی حکام اقتصادی ترقی اور ملت ایران کے خلاف مغرب کی ثقافتی یلغار پر توجہ مرکوز نہ کر سکیں۔

ایران کے سپریم لیڈر نے سی آئی اے، موساد اور برطانیہ کے جاسوسی اداروں کی ختم نہ ہونے والی سرگرمیوں، انقلاب اسلامی اور ایران کے اسلامی نظام کے خلاف خرچ کئے جانے والے پیٹرو ڈالروں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سال بھر، سینکڑوں سیٹلائٹ چینل، سوشل میڈیا اور بھگوڑے لوگ، حکومت ایران کی تحقیر، اسے کمزور کرنے اور الزام تراشیوں میں مصروف رہتے ہیں، لیکن ایران کے عوام انقلاب اسلامی کی سالگرہ کی تقریبات میں بھرپور شرکت کرکے ان کے کئے کرائے پر پانی پھیر دیتے ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے پچھلے چار عشروں کے دوران ملک کے بنیادی ڈھانچے میں ہونے والی ترقی کو حیرت انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ بعض شعبوں میں تو ایسی ترقی ہوئی کہ جس کا آئندہ سو برس میں بھی امکان نہیں تھا۔ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے طاغوتی دور کے مقابلے میں ملت ایران کی عزت و وقار کی بحالی کو انقلاب اسلامی کا اہم ترین کارنامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج ساری دنیا، ملت ایران کی سربلندی اور ایران کے فیصلہ کن کردار کی معترف ہے اور وہ جانتی ہے کہ خطے کے تقریباً تمام معاملات میں اگر ایران نہ  ہو اور وہ (ایران) نہ چاہے تو کوئی بھی کام آگے نہیں بڑھ سکتا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے ایران میں ترک، فارس، لر، کرد، عرب اور بلوچ جیسی مختلف قوموں کی موجودگی کو ملک کا قیمتی سرمایہ قرار دیا اور کہا کہ دشمن شروع ہی سے قومیتی اختلاف سے آس لگائے بیٹھا ہے، تاکہ اپنے خیال میں ہر شگاف سے فائدہ اٹھائے، حالانکہ ایران میں کوئی شگاف نہیں ہے اور پوری قوم آپس میں متحدہ و متفق ہے۔
خبر کا کوڈ : 609889
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش