0
Sunday 19 Feb 2017 19:36

داعش دھماکوں کی ذمہ داری قبول کر رہی ہے، وفاقی وزیر داخلہ اسکے وجود سے ہی انکاری ہیں، علامہ شاہ عبدالحق

داعش دھماکوں کی ذمہ داری قبول کر رہی ہے، وفاقی وزیر داخلہ اسکے وجود سے ہی انکاری ہیں، علامہ شاہ عبدالحق
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے تحت مزارات اولیاء کرام بالخصوص درگاہ حضرت عثمان مروندی سخی لعل شہباز قلندر پر دہشت گردی کے خلاف احتجاجی ریلی دفتر جماعت اہلسنّت نزد آرام باغ سے علامہ شاہ عبدالحق قادری کی قیادت میں وزیراعلٰی ہاؤس کیلئے روانہ ہوئی، انتظامیہ نے ریلی کو سندھ اسمبلی چورنگی پر روک دیا، جس کے بعد شرکاء وہیں دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔ مذاکرات کے بعد وزیراعلٰی ہاؤس کے نمائندے کو احتجاجی مراسلہ پیش کیا گیا۔ ریلی سے علامہ شاہ عبدالحق قادری، حاجی حنیف طیب، علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی، علامہ مظفر حسین شاہ، مولانا ابرار احمد رحمانی، علامہ اکرم سعیدی، سید محمد اشرف الجیلانی، مفتی احمد علی شاہ سیفی، حافظ حسان امینی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ شاہ عبدالحق قادری نے کہا کہ دہشت گردی کی ہر واردات تشویشناک سوالات جنم دے رہی ہے، مزارات پر بم دھماکے درندگی کی بدترین مثال ہیں، ایسا کرنے والے عذاب الٰہی سے نہیں بچ سکتے، فوجی عدالتوں میں توسیع نہ ہونے سے دہشت گردوں کے حوصلے بڑھے ہیں، منصوبہ بندی کے تحت مزارات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

علامہ شاہ عبدالحق قادری کا مزید کہنا تھا کہ حکومت دہشت گردوں کے آگے بے بس اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل ناکام ہوچکی ہے، سیہون درگاہ حضرت عثمان مروندی لعل شہباز قلندر پر دھماکہ المناک سانحہ ہے، حکومت صرف مذمتی بیانات پر چل رہی ہے، عالمی دہشت گرد تنظیم داعش دھماکوں کی ذمہ داری قبول کر رہی ہے، وفاقی وزیر داخلہ کی لاعلمی کا عالم یہ ہے کہ وہ ملک میں داعش کے وجود سے ہی انکاری ہیں، حکمران مزارات اور قوم کا تحفظ نہیں کر سکتے تو عزت کے ساتھ مستعفی ہو جائیں، سوِل حکومت قیام امن میں ناکام نظر آتی ہے، اب عوام کی امیدیں فوج سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اہلسنّت شہداء و زخمیوں کے غم میں برابر شریک ہے، دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 611108
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش