0
Monday 20 Feb 2017 01:03

کوہاٹ، این جی او ورکر حنا شاہ کے قتل کا مرکزی ملزم 3 ساتھیوں سمیت گرفتار

کوہاٹ، این جی او ورکر حنا شاہ کے قتل کا مرکزی ملزم 3 ساتھیوں سمیت گرفتار
اسلام ٹائمز۔ کوہاٹ پولیس نے رواں ماہ کے آغاز میں قتل ہونے والی این جی او ورکر حنا شاہ نواز کے قتل کے مرکزی ملزم کو 3 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) کوہاٹ جاوید اقبال نے بتایا کہ مرکزی ملزم ذوالفقار علی بھٹو کو راولپنڈی سے جبکہ قتل میں ملوث اس کے 3 ساتھیوں کو کوہاٹ سے گرفتار کیا گیا۔ یاد رہے کہ حنا شاہ نواز کو رواں ماہ 6 فروری کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا اور اس حوالے سے رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ انھیں مبینہ طور پر ان کے کزن نے غیرت کے نام پر قتل کیا۔ پولیس نے واقعے کے بعد بتایا تھا کہ حنا کے کزن محبوب عالم نے کوہاٹ کے علاقے استارزئی میں مبینہ طور پر انھیں 4 گولیاں مار کر قتل کیا۔ رپورٹس کے مطابق حنا نے ایم فل کر رکھا تھا، وہ اسلام آباد میں ایک این جی او سے منسلک تھیں، ماہانہ 80 ہزار روپے کما رہی تھیں اور اپنی والدہ اور بھابھی کی کفالت ان کے ذمہ تھی، کیونکہ ان کے والد اور بھائی کا انتقال ہوچکا تھا جبکہ خاندانی ذرائع کے حوالے سے یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ حنا کا کزن ان کی ملازمت سے خوش نہیں تھا اور انھیں متعدد مرتبہ اس سے منع کرچکا تھا۔

بعدازاں کیس نے اُس وقت نیا موڑ اختیار کرلیا تھا جب کیس میں نامزد مرکزی ملزم محبوب عالم نے سوشل میڈیا پر آکر اپنی بے گناہی کا دعویٰ کیا اور کہا کہ انھوں نے اپنی کزن کو قتل نہیں کیا بلکہ اصل مجرم کوئی اور ہے۔ ویڈیو پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے خاندان میں بہت سی دیگر لڑکیاں بھی ملازمت کر رہی ہیں جبکہ ان کی اپنی بہن بھی ایک اسکول میں پڑھاتی ہے، ساتھ ہی محبوب عالم نے دعویٰ کیا تھا کہ خاتون کے اہلخانہ نے اصل قاتل کو بچانے کے لیے انھیں پھنسایا ہے۔ تاہم 4 ملزمان کی گرفتاری کے بعد پولیس کا مزید کہنا ہے کہ محبوب عالم بھی کیس میں مرکزی ملزم نامزد ہے اور اس کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 611171
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش