QR CodeQR Code

کوئٹہ، نادرا آفس کے گارڈ کا شہریوں پہ تشدد، 5 افراد زخمی

21 Feb 2017 12:49

پولیس کیمطابق صبح تقریباً دس بجے کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر واقع نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے صوبائی ہیڈکوارٹر دفتر میں شناختی کارڈ بنوانے کیلئے آنیوالے شہریوں کا انتہائی رش تھا۔ بے ہنگم ہجوم کنٹرول سے باہر ہوا تو سکیورٹی گارڈ شہزاد آپے سے باہر ہوگیا اور ریپیٹر بندوق کے بٹ سے شہریوں کو مارنے لگا۔


اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ میں نادرا آفس میں تعینات سکیورٹی گارڈ نے شناختی کارڈ بنوانے کیلئے آنے والے شہریوں پر شدید تشدد کیا۔ اتفاقیہ گولی چل جانے سے 5 شہری زخمی ہوگئے۔ پولیس نے سکیورٹی گارڈ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق صبح تقریباً دس بجے کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر واقع نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے صوبائی ہیڈکوارٹر دفتر میں شناختی کارڈ بنوانے کیلئے آنے والے شہریوں کا انتہائی رش تھا۔ بے ہنگم ہجوم کنٹرول سے باہر ہوا تو سکیورٹی گارڈ شہزاد آپے سے باہر ہوگیا اور ریپیٹر بندوق کے بٹ سے شہریوں کو مارنے لگا۔ اس دوران اچانک گولی چل گئی، جس کے چھروں سے وہاں موجود 5 شہری زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔ زخمیوں کو سول اسپتال پہنچایا گیا۔ پولیس کے مطابق زخمیوں میں عبدالصمد ولد نیک محمد بڑیچ سکنہ جتک اسٹاپ مشرقی بائی پاس کو دونوں ٹانگوں پر، عبدالولی ولد شیر علی بڑیچ سکنہ جتک اسٹاپ کو بازو پر، محب اللہ ولد صوفی دوست محمد درانی سکنہ پشتون آباد عبدالولی چوک کو بازو پر، حاجی احمد ولد عبدالرسول سید خیل سکنہ کچلاک کو بائیں ٹانگ پر اور حاجی عبدالظاہر ولد حاجی ملا وزیر بازئی سکنہ رود ملازئی کی دونوں ٹانگوں پر چھرے لگنے سے زخم آئے ہیں۔ ایس پی قائد آباد غضنفر شاہ کے مطابق سکیورٹی گارڈ شہزاد کو گرفتار کرکے تھانہ انڈسٹریل منتقل کر دیا گیا۔ ملزم کے خلاف زخمی ہونیوالے شہری حاجی عبدالظاہر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 611564

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/611564/کوئٹہ-نادرا-آفس-کے-گارڈ-کا-شہریوں-پہ-تشدد-5-افراد-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org