0
Tuesday 21 Feb 2017 17:11

لیگی رہنماء پی ٹی آئی میں آنے کیلئے خفیہ رابطے کررہے ہیں، عمران خان

لیگی رہنماء پی ٹی آئی میں آنے کیلئے خفیہ رابطے کررہے ہیں، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ (ن) لیگ چاہتی ہے کہ نواز شریف کو کوئی ہاتھ نہ لگائے، وزراء حکومتی تنخواہ پر شریف فیملی کی نوکری کر رہے ہیں اور نیب کرپشن چھپانے کے لیے بہانے بنا رہی ہے جب کہ آج ثابت ہوگیا کہ ایف بی آر کا چیئرمین بھی کرپٹ ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما کیس پر آج پھر عدالتی اختیار پر سوال اٹھایا گیا۔ نواز لیگ والے جب ہارنے لگتے ہیں یہ ڈنڈے اٹھالیتے ہیں لیکن ان سے کہنا چاہوں گا کہ اب وقت بدل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی چوری میں ملوث شخص کو بچایا جارہا ہے، (ن) لیگ چاہتی ہے نواز شریف کو کوئی ہاتھ نہ لگائے۔ وزراء حکومتی تنخواہ پر شریف فیملی کی نوکری کر رہے ہیں اور نیب کرپشن چھپانے کے لیے بہانے بنا رہی ہے جب کہ آج ثابت ہوگیا کہ ایف بی آر کا چیئرمین بھی کرپٹ ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نواز شریف کے لئے منی لانڈرنگ کرتے تھے، اداروں پر ان لوگوں نے قبضہ کر رکھا ہے، قوم کے پاس انصاف کے لیے سپریم کورٹ ہی بچی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے وکیل طوطا مینا کی کہانیاں سناتے ہیں لیکن موٹو گینگ کے پاس اب کہنے کے لیے کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کے کئی رہنماء تحریک انصاف میں آنے کے لیے ہم سے خفیہ رابطے کررہے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگر غیر ملکی کرکٹر پاکستان میں آئے تو فائنل اچھا ہو گا لیکن مکمل پی ایس ایل پاکستان میں ہونا چاہئے تھا۔ عمران خان نے فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کے ادارے تباہ کر دیئے۔ کرپٹ وزیراعظم نے پہلے پنجاب پولیس کو تباہ کیا اور اب قومی اداروں کو تباہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی کی بات ہے کہ آج سپریم کورٹ میں ایف بی آر کا چیئرمین بھی کرپٹ ثابت ہوچکا ہے، آج سپریم کورٹ میں نیب کے چیئرمین نے جو جواب دیئے اس سے عوام کو صورتحال سمجھ آجانی چاہیئے، کیا یہ کرپشن نہیں کہ 8 سال میں 14 ہزار ارب کے قرضے لئے گئے۔ عمران خان نے کہا کہ پنجاب میں جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کیلئے رینجرز کو لانا ہی پڑے گا۔ چیرمین پی ٹی آئی نے چارسدہ دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں انسانی جانوں کےضیاع پر بہت افسوس ہوا، چارسدہ میں دھماکا ناکام بنانے پر پولیس کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پولیس کی کارکردگی پر مجھے فخر ہے۔ سندھ اورپنجاب میں بھی پولیس غیرسیاسی ہونی چاہئے۔ سندھ اور پنجاب میں بھی کے پی کی طرح پولیس ایکٹ نافذ کریں جب کہ پنجاب میں رینجرز کو لانا مجبوری ہے۔
خبر کا کوڈ : 611667
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش