اسلام ٹائمز۔ جعفریہ الائنس کے سینئر نائب صدر علامہ حسین مسعودی نے کہا ہے کہ مقدس مقامات اور درگاہوں کو نشانہ بنانیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیہون شریف میں درگاہ حضرت لعل قلندر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ علامہ باقر حسین زیدی، علامہ فرقان حیدر عابدی، مرکزی تنظیم عزا کے صدر سلمان مجتبیٰ نقوی، آئی ایس او کے ڈویژنل رہنما ریحان حیدر، جعفریہ الائنس کے رہنما شبر رضا سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ علامہ حسین مسعودی کا کہنا تھا کہ جو عناصر ملک میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں انہیں ہمارے حکمرانوں کی سرپرستی حاصل ہے، یہی وجہ ہے کہ کالعدم مذہبی جماعتوں اور ان کے کارندوں کو بروقت گرفتار نہیں کیا جاتا، جس کی وجہ سے دہشت گردی کا عروج ہے۔ انہوں نے سانحہ سیہون شریف کے شہداء کیلئے دعائے مغفرت و فاتحہ خوانی کے ساتھ ساتھ قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا اور حکومت اور ریاستی اداروں سے کہا کہ وہ دہشت گردی کے نیٹ ورک کو توڑیں اور جو عناصر ان کے سہولت کار ہیں ان کے خلاف بھی سخت کاروائی کی جائے۔