QR CodeQR Code

حالات بہتر نہ ہوئے تو ایک اور ضرب عضب شروع کرنا پڑیگا، عمران خان

23 Feb 2017 21:36

پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں دہشتگردوں کیخلاف جو کارروائی ہونی تھی وہ نہیں ہوئی، اسکے علاوہ پنجاب میں کوئی آپریشن نہیں ہوا، جسکا ہمیں بڑا نقصان ہوا ہے، فاٹا میں ہم نے سب سے زیادہ کمزوری دکھائی، خیبر پی کے اور فاٹا کو ملانے کا منصوبہ ضرب عضب کے فوراً بعد شروع ہو جانا چاہیئے تھا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں دہشتگردوں کے خلاف ایک ساتھ آپریشن ہونا چاہیئے، کیونکہ پنجاب میں کارروائی نہ ہونے کا ہمیں بہت نقصان ہوا ہے۔ حالات بہتر نہ ہوئے تو ایک اور ضرب عضب شروع کرنا پڑے گا، اقتدار والوں پر اخلاقیات کا بوجھ عام آدمی سے زیادہ ہوتا ہے، ماضی کی پالیسیوں کے باعث آج پاکستان مشکل میں ہے۔  پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان نے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد تمام سیاسی جماعتوں نے نیشنل ایکشن پلان پر دستخط کئے تھے، اس کے تحت ملک کے تمام صوبوں میں پولیس کو غیر سیاسی اور فعال کرنا تھا، ہمیں فخر ہے کہ خیبر پختونخوا میں پولیس کو غیر سیاسی کر دیا گیا ہے۔ پولیس کو غیر سیاسی کرنے پر پرویز خٹک کو داد دیتا ہوں۔ دہشتگردی کا دوبارہ شروع ہونا افسوسناک ہے۔ ضرب عضب سے دہشتگردی کم ہوگئی تھی، حالات کی بہتری کا حکومت نے فائدہ نہیں اٹھایا، ماضی کی پالیسیوں کے باعث آج پاکستان مشکل میں ہے۔ پاکستان آٹھ ماہ سے پانامہ میں پھنسا ہوا ہے، پاکستان ہمیشہ کیلئے بدل رہا ہے، اگر کوئی صادق اور امین نہ ہو تو اس کے پاس پیسہ نہیں رکھوایا جاتا۔ پنجاب میں دہشتگردوں کے خلاف جو کارروائی ہونی تھی وہ نہیں ہوئی، اس کے علاوہ پنجاب میں کوئی بھی آپریشن نہیں ہوا، جس کا ہمیں بڑا نقصان ہوا ہے، فاٹا میں ہم نے سب سے زیادہ کمزوری دکھائی، خیبر پی کے اور فاٹا کو ملانے کا منصوبہ ضرب عضب کے فوراً بعد شروع ہو جانا چاہیئے تھا۔


خبر کا کوڈ: 612352

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/612352/حالات-بہتر-نہ-ہوئے-ایک-اور-ضرب-عضب-شروع-کرنا-پڑیگا-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org