0
Wednesday 1 Mar 2017 13:25

کراچی سرکلر ریلوے، ٹریک سے تجاوزات ختم کرنے کیلیے گرینڈ آپریشن ہوگا

کراچی سرکلر ریلوے، ٹریک سے تجاوزات ختم کرنے کیلیے گرینڈ آپریشن ہوگا
اسلام ٹائمز۔ حکومت سندھ نے کراچی سرکلر ریلوے کے ٹریک کے اطراف قائم تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو انسداد تجاوزات سیل کے ساتھ مل کر سرکاری قیمتی اراضی لینڈ مافیا سے واگزار کرنے کے احکام جاری کردیئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ افسران کو متنبہ کیا ہے کہ سرکلر ریلوے کے احیاء کو یقینی بنانے کے لئے تجاوزات کے خاتمے میں کسی قسم کا سیاسی دباو برداشت نہیں کیا جائے، کسی افسر کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے کراچی سرکلر ریلوے کی تعمیر نو سے قبل سرکلر ریلوے کے ٹریک اور اسٹیشنوں کے اطراف قائم تجاوزات ہٹانے کے لئے بڑی کارروائی کی تیاریاں مکمل کرلی ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے کراچی کے 6 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور انسداد تجاوزات فورس بورڈ آف ریونیو سندھ کراچی کو سرکلر ریلوے کے اطراف میں قائم تجاوزات ختم کرنے کے احکام جاری کردیئے ہیں، ڈپٹی کمشنرز اس کارروائی کی نگرانی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق تجاوزات کے خلاف کارروائی جائیکا کی 2013ء کی سروے رپورٹ کے مطابق کی جارہی ہے، جس میں ریلوے ٹریک اور سرکلر ریلوے کے اطراف قائم تجاوزات کی نشاندہی کی گئی تھی، اس رپورٹ کی روشنی میں 4 ہزار 659 خاندانوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر زرتلافی دینے پر غور کیا جارہا ہے، جنہوں نے سرکاری اراضی پر غیرقانونی طور پر مکانات تعمیر کئے ہیں، حکومت سندھ کے فیصلے کے مطابق مذکورہ خاندانوں کے علاوہ دیگر قابضین اور لینڈ مافیا جن کے پاس جعلی کاغذات ہیں ان کو کسی صورت نہ تو زرتلافی دی جائے گی اور نہ ہی ان سے کسی قسم کا سمجھوتہ ہوگا۔

وزیراعلی سندھ نے لینڈ مافیا اور ان کے سرپرستوں کو گرفت میں لینے کیلئے ان کے خلاف مقدمات بھی درج کرانے کے احکامات دیئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ کراچی سرکلر ریلوے 43.2 کلومیٹر پر محیط ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں 24 اسٹیشن قائم ہیں، ریلوے کی مین لائن، سرکلر ریلوے کے ٹریک اور اسٹیشنوں کے اطراف تجاوزات کے بھرمار ہے، جو سرکلر ریلوے کے احیا میں سب بڑی رکاوٹ ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں اینٹی انکروچمنٹ سیل جلد ہی کراچی سرکلر ریلوے کے ڈرگ روڈ اسٹیشن، جوہر اسٹیشن، الہٰ دین اسٹیشن، گیلانی اسٹیشن، یاسین آباد اسٹیشن، نارتھ ناظم آباد اسٹیشن، اورنگ آباد اسٹیشن، ایچ بی ایل سائیٹ اسٹیشن، منگھوپیر اسٹیشن، سائیٹ اسٹیشن، شاہ عبدالطیف اسٹیشن، بلدیہ اسٹیشن، لیاری اسٹیشن اور کراچی کینٹ اسٹیشن، نیپا اسٹیشن، لیاقت آباد اسٹیشن، وزیر مینشن اسٹیشن، ٹاور اسٹیشن، سٹی اسٹیشن، پی آئی ڈی سی، ڈپو ہل اسٹیشن، مہران، چنیسر اور کارساز اسٹیشن کے اطراف قائم تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کرے گا۔ دریں اثناء ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ فورس ڈاکٹر فاروق نے کمشنر کراچی کی ہدایت پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے جوڑیا بازار میں بھرپور کارروائی کرتے ہوئے بیشتر تجاوزات کا خاتمہ کردیا جبکہ منگھوپیر میں محمود ٹرنک والا اور تجاوزات میں ملوث دیگر بلڈرز کے خلاف بھی کارروائی تیز کردی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 614015
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش