QR CodeQR Code

سندھ ہائیکورٹ نے صوبے بھر میں شراب خانے بند کرنے کا حکم دیدیا

2 Mar 2017 16:10

شراب خانوں پر پابندی سے متعلق کیس کی سماعت کے موقع پر چیف جسٹس نے کہا کہ جہاں زیادہ پیسا ہے وہاں شراب زیادہ بکتی ہے، سات سات ہزار کریٹ صرف ڈسٹرکٹ جنوبی میں بکے، تھر کے غریب ہندو کو پانی نہیں ملتا وہ بےچارہ شراب کہاں سے خریدے گا۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائیکورٹ نے صوبے بھر میں شراب خانے بند کرنے کا حکم دیدیا ہے اور کہا ہے کہ جب تک میکنزم نہ بن جائے تمام شراب خانے بند کردیئے جائیں اور 30 روز میں میکنزم بنا کر رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ میں شراب خانوں پر پابندی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ شراب خانے ریگولیٹ ہونے چاہئیں، سندھ میں 120 شراب خانے ہیں، آدھے سے زیادہ شراب خانے کراچی کے ضلع جنوبی میں ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جہاں زیادہ پیسا ہے وہاں شراب زیادہ بکتی ہے، سات سات ہزار کریٹ صرف ڈسٹرکٹ جنوبی میں بکے، تھر کے غریب ہندو کو پانی نہیں ملتا وہ بےچارہ شراب کہاں سے خریدے گا۔ وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ محکمہ ایکسائز نے خود شناختی کارڈ پر شراب بیچنا شروع کردی ہے، پہلے مسیحیوں کو پرمٹ دیا جاتا تھا اور پھر جس پر چرچ کے فادر کے دستخط لازم تھے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ایسے تو مسلمان کسی عیسائی یا ہندو کے شناختی کارڈ پر جتنی مرضی شراب خرید سکتا ہے، کوئی نظام نہیں، جس کے جی میں آئے شراب خرید اور پیتا پھرے۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کو بتایا کہ سسٹم ایسا ہونا چاہیئے مخصوص دکان سے مختص مقدار میں اقلیت کو شراب دی جاسکے جبکہ عدالت نے میکنزم بنانے تک شراب پر پابندی عائد کردی ہے۔


خبر کا کوڈ: 614326

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/614326/سندھ-ہائیکورٹ-نے-صوبے-بھر-میں-شراب-خانے-بند-کرنے-کا-حکم-دیدیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org