QR CodeQR Code

لاپتہ افراد کیس، سندھ ہائیکورٹ درخواستوں کی عدم پیروی پر فاروق ستار اور ایم کیو ایم پر برہم

2 Mar 2017 16:51

کیسز کی مسلسل عدم پیروی پر عدالت نے کہا کہ فاروق ستار اور متحدہ کے لاپتہ کارکنوں کے اہلخانہ مقدمات کی پیروی کرنے نہیں آتے اور پھر کہتے ہیں کہ عدالتیں ہمارے ساتھ انصاف نہیں کرتیں، اگر فاروق ستار مقدمات کی پیروی کیلئے عدالت میں نہیں آسکتے تو انہوں نے درخواستیں کیوں دائر کر رکھی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے دائر درخواستوں کی سماعت کے دوران ایم کیو ایم کی جانب سے عدم پیروی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں ایم کیو ایم پاکستان کے 10 لاپتہ کارکنوں سمیت 60 افراد کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے کیسز کی مسلسل عدم پیروی پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ فاروق ستار اور ایم کیو ایم کے لاپتہ کارکنوں کے اہل خانہ مقدمات کی پیروی کرنے نہیں آتے اور پھر کہتے ہیں کہ عدالتیں ہمارے ساتھ انصاف نہیں کرتیں، اگر فاروق ستار مقدمات کی پیروی کیلئے عدالت میں نہیں آسکتے تو انہوں نے درخواستیں کیوں دائر کر رکھی ہیں۔ عدالت میں تفتیشی افسر نے ایم کیو ایم کے کارکن فہیم ریاض کی رپورٹ پیش کی، جس میں بتایا گیا کہ 2013ء سے لاپتہ کہلانے والا فہیم ریاض پولیس کو سنگین مقدمات میں مطلوب تھا اور جیل میں ہے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ جس گھر کا فرد غائب ہو جائے، اس کی تکلیف کا اندازہ نہیں کیا جا سکتا، عدالت نے لاپتہ شہریوں کی فوری بازیابی کا حکم دیتے ہوئے پولیس، رینجرز اور فریقین سے 2 ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی۔


خبر کا کوڈ: 614335

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/614335/لاپتہ-افراد-کیس-سندھ-ہائیکورٹ-درخواستوں-کی-عدم-پیروی-پر-فاروق-ستار-اور-ایم-کیو-برہم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org