0
Friday 3 Mar 2017 21:46

عوام پر امید ہیں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے کرپشن کے خاتمے کے لئے روڈ میپ ملے گا، لیاقت بلوچ

عوام پر امید ہیں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے کرپشن کے خاتمے کے لئے روڈ میپ ملے گا، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سکریٹری لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ملک میں زبان کی بنیاد پر تعصبات پیدا کرکے حالات خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، بعض عناصر ملک کے اندر آئین اور قانون کی بالادستی نہیں چاہتے، جماعت اسلامی کرپشن سے پاک قیادت ہے اور اس مقصد کے لئے جماعت اسلامی نے خوشحال پاکستان فنڈ مہم کا آغاز کیا ہے، عوام کو توقع ہے کہ سپریم کورٹ سے ایسا فیصلہ آئے گا جس میں ملک میں کرپشن کے خاتمے کے لئے روڈ میپ بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی ہدایت پر یکم تا 15 مارچ ملک گیر ’’خوشحال پاکستان فنڈ مہم‘‘ کے سلسلے میں جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے تحت ورکرز کنونشن میں ویڈیو لنک اسکائپ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہمارا ملک اس وقت مختلف بحرانوں میں ہے، معاشی اور سیاسی بحران ہے، دشمن حملہ آور ہوگیا ہے، ان حالات میں سب کو مل کر حالات کا مقابلہ کرنا ہے، جماعت اسلامی کا پختہ یقین ہے کہ ملک میں تبدیلی کے لئے آئینی جمہوری راستہ ہی واحد راستہ ہے اور اس کے لئے عوامی رائے عامہ کو ہموار کرنا ہے، جماعت اسلامی کرپشن کے خلاف مہم چلا رہی ہے، عوام کو توقع ہے کہ سپریم کورٹ سے ایسا فیصلہ آئے گا جس میں ملک میں کرپشن کے خاتمے کے لئے روڈ میپ بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں زبان کی بنیاد پر تعصبات پیدا کرکے حالات خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، بعض عناصر ملک کے اندر قانون کی بالادستی نہیں چاہتے، ملک کے نظام کو بہتر کرنے کے لئے دیانت دار قیادت کی ضرورت ہے، دیانت دار قیادت ہی ملک کو بحرانوں سے اور عوام کو مشکلات سے نجات دلاسکتی ہے، جماعت اسلامی کا ماضی، حال سب کے سامنے ہے، جماعت اسلامی کرپشن سے پاک قیادت ہے اور اس مقصد کے لئے جماعت اسلامی نے خوشحال پاکستان فنڈ مہم کا آغاز کیا ہے، پورے ملک میں کارکنوں، جماعت اسلامی کے ہمدردوں اور وابستگان کے اندر زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ملک بھر میں یہ مہم کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء میں الیکشن بڑا چیلنج ہے، اس کی تیاری آج سے ہی شروع کرنی ہے، انتخابات ہمارے پیغام اور دعوت کو عوام تک پہنچانے کا ذریعہ ہے، کارکنان پوری منصوبہ بندی کے ساتھ عوام الناس سے بھرپور رابطہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 614709
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش