0
Friday 3 Mar 2017 21:53

حکومت، ادارے اور سیاسی جماعتیں تعصب کے خاتمے کے لئے کردار ادا کریں، عثمان معظم

حکومت، ادارے اور سیاسی جماعتیں تعصب کے خاتمے کے لئے کردار ادا کریں، عثمان معظم
اسلام ٹائمز۔ پاسبان پاکستان کے جنرل سیکریٹری عثمان معظم نے کہا ہے کہ حکومت، اداروں اور سیاسی جماعتوں کو تعصب پسندی کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا، نفرت کی سیاست کے خاتمے کیلئے تمام قوموں کو برابری کے حقوق دیئے جائیں، عوام کے مسائل کے حل اور حقوق کی فراہمی کیلئے مزید صوبوں کا قیام لازمی ہوگیا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) صوبوں کے قیام میں رکاوٹ نہ ڈالیں بلکہ ملک اور قوم کیلئے سوچیں، پاسبان اور پوری قوم ملک بھر میں جاری دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے حق میں ہے، مگر آپریشن صرف دہشت گردوں کے خلاف کیا جائے، آپریشن کو تعصب زدہ نہ بنایا جائے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں عثمان معظم نے کہا کہ غیر جانبدار اور شفاف آپریشن سے ہی دہشت گردی ختم ہوسکتی ہے، ملک میں بلیک واٹر کو لانے والے محب وطن بنا دیئے گئے اور محب وطن پاکستانیوں کو شک کی نگاہ سے دیکھا جانے لگا ہے، پختون برادری یا کسی ایک برادری کو خاص طور پر ٹارگٹ کیا گیا تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا، مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی مزید صوبوں کے حق میں نہیں، عام آدمی چاہے وہ کوئی بھی زبان بولتا ہو یا کسی بھی صوبے سے تعلق رکھتا ہو انصاف کی بنیاد پر برابر کی سہولتیں اُن کا حق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں میرٹ کو فروغ دیا جائے، بالخصوص پنجاب اور سندھ میں جاری آپریشن میں پختون برادری کو ٹارگٹ بنانے کی شکایات تعصب کو ہوا دینے کا باعث بن رہی ہیں، آپریشن میں ہر مشکوک شخص کو چیک کیا جانا چاہیئے، لیکن کسی ایک زبان بولنے والوں کے چہروں یا لباس کو دیکھ کر ان کی توہین اور تذلیل نہ کی جائے، سندھ اور پنجاب میں پختونوں، بلوچوں اور مہاجروں کے ساتھ ناانصافی کے واقعات قابل توجہ اور افسوسناک ہیں۔
خبر کا کوڈ : 614712
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش