0
Sunday 5 Mar 2017 16:24

موجودہ سیاست میں مسلم لیگ فنکشنل کا کوئی کردار نہیں ہے، پیر علی گوہر شاہ راشدی

موجودہ سیاست میں مسلم لیگ فنکشنل کا کوئی کردار نہیں ہے، پیر علی گوہر شاہ راشدی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا کے بھائی اور مرکزی رہنما پیر سید علی گوہر شاہ راشدی نے کہا ہے کہ موجودہ سیاست میں مسلم لیگ فنکشنل کا کوئی کردار نہیں ہے، کچھ سالوں کے بعد فنکشنل لیگ کا مستقبل بہتر ہوگا، فنکشنل لیگ میں حر جماعت کے ووٹرز ہیں، مستقبل کے چند سالوں میں فنکشنل لیگ کو کسی کی بھی ضرورت نہیں ہوگی، فنکشنل لیگ سابق آمر پرویز مشرف کے ساتھ اتحاد کرنے کی بجائے کسی بہتر شخصیت یا سیاستدان کے ساتھ اتحاد کرے تو فنکشنل لیگ کا مستقبل روشن و تابناک ہوسکے گا، ماضی کے 25 سالوں میں ہونے والے الیکشن میں جو بھی حلقہ بندیاں کی گئی ہیں وہ تمام کارآمد ثابت نہیں ہوئی ہیں، موجودہ سندھ حکومت جس کو پیپلز پارٹی کی حکومت کہا جاتا ہے دراصل وہ حقیقت میں پیپلز پارٹی کی حکومت نہیں ہے، وہ ق لیگ کی حکومت ہے اور ان کو حکومت میں لایا گیا ہے، پی پی کی سندھ حکومت گزشتہ نو سالوں کے دور میں عوام کو تمام بنیادی حقوق دینے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے، 2018ء کے جنرل الیکشن میں پیپلز پارٹی کا کردار انتہائی محدود ہوکر رہ جائے گا، مستقبل میں اگر احتساب نہیں ہوا تو پاکستان کھبی بھی ترقی نہیں کرسکے گا۔

ایک خصوصی انٹرویو میں پیر علی گوہر راشدی نے کہا کہ مستقبل میں اگر کرپٹ بیوروکریٹ اور سیاست دانوں کا کڑا احتساب نہ کیا گیا تو ملک کھبی بھی کرپشن کی وجہ سے ترقی نہیں کر پائے گا، تب تک ہمارا معاشرہ سدھر نہیں سکتا، دن بدن ہم پستی کی طرف راغب ہورہے ہیں، غریب غریب تر اور امیر امیر سے امیر تر ہوتا جارہا ہے، ہمارا معاشرہ تیزی سے ان بیلنس ہوتا جارہا ہے جو کہ قوموں کے لئے ایک خطرناک عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے جس طرح دہشت گردی کے خلاف کردار ادا کیا ہے، قوم ان کے لئے مشکور اور دعاگو ہے، موجودہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجودہ بھی دہشت گردی کے خلاف قومی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ردالفساد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق جنرل پرویز مشرف کا کردار اب ختم ہوگیا ہے، مستقبل میں پرویز مشرف پاکستانی سیاست میں کوئی بھی کردار نہیں کر سکیں گے اور نہ ہی انہیں ملکی سطح پر کوئی اہمیت حاصل ہوگی، جنرل راحیل شریف نے پاک فوج کی سپہ سالاری کے دور میں دہشت گردوں کے خلاف ملک بھر میں جو بھی آپریشن کئے ہیں، ان کی اہمیت و قدر جنرل مشرف کی آمریت سے ہزار گنا زیادہ ہے، دونوں جنرلوں کا آپس میں موازانہ کرنا بھی بے وقوفی کے مترادف ہے۔
خبر کا کوڈ : 615240
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش