0
Monday 6 Mar 2017 16:51

کھاد پر سبسڈی وفاق اور صوبے ملکر دینگے، خیبر پی کے کا انکار

کھاد پر سبسڈی وفاق اور صوبے ملکر دینگے، خیبر پی کے کا انکار
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم کے احکامات کے بعد کھاد پر 400 روپے فی بوری سبسڈی پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا۔ احکامات کے مطابق آدھی سبسڈی وفاق اور آدھی صوبے فراہم کریں گے جبکہ خیبر پختونخوا حکومت نے فراہمی سے انکار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے گذشتہ ماہ عوامی اور سیاسی ردعمل کے بعد کھاد پر ختم کی گئی سبسڈی کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے اسے جاری رکھنے کا حکم دیا تھا، جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ چار سو روپے فی بوری پر دو سو روپے وفاق اور دو سو روپے صوبے سبسڈی دیں گے، اس حوالے سے نیشنل فوڈ سکیورٹی کا پنجاب، سندھ اور بلوچستان سے معاہدہ طے پا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پی کے حکومت نے اس پروگرام میں شامل ہونے سے انکار کر دیا۔ کھاد پر آدھی سبسڈی دینے سے انکار کرتے ہوئے خیبر پی کے حکومت کا مؤقف ہے کہ وفاق پوری سبسڈی فراہم کرے۔ یاد رہے کہ 2017ء جنوری میں کھاد پر سبسڈی ختم کی گئی تھی، جس پر کاشت کاروں نے اسے مسترد کرتے ہوئے احتجاج کیا تھا۔ بعد ازاں کاشت کاروں کے احتجاج پر وزیراعظم نواز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے یہ ہدایت کی تھی کہ ملکی معیشت کی بہتری میں کسانوں کا کردار بہت اہم ہے، اس لئے سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے سبسڈی بحال رکھی جائے۔ واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی کھاد پر سے سبسڈی ختم کرنے کے عمل کو انتہائی نامناسب اقدام قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت آگ سے کھیل رہی ہے، کھاد پر سے ختم کی گئی سبسڈی فوری بحال کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 615519
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش