QR CodeQR Code

افغانستان بھارت کیساتھ ملکر پاکستان کی سلامتی کیخلاف سازشیں کررہا ہے، خواجہ آصف

6 Mar 2017 21:45

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب، نسل یا صوبہ نہیں ہوتا۔ ہم نے دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ کو ملکر منطقی انجام تک پہنچانا ہے، پاک افغان بارڈر مینجمنٹ ایک قومی سلامتی کا مسئلہ ہے جس پر سیاست نہ کی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیردفاع خواجہ آصف کہتے ہیں افغانستان بھارت کےساتھ ملکر پاکستان کی سلامتی کےخلاف سازشیں کر رہا ہے۔ انہوں نے بارڈرمینجمنٹ پر سیاست نہ کرنے کا مشورہ دیا اور یقین دلایا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کسی ایک قومیت کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کے نکتہ اعتراض کے جواب میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ افغانستان کے ساتھ سرحد کی مکمل اور بہترمینجمنٹ ہو سکے، پاک افغان سرحد پر 25 کراسنگ پوائنٹ ہیں جہاں سے ہزاروں لوگ آتے ہیں۔ ہم نہیں چاہتے کہ یہ شارع عام ہوں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ جب تک بارڈرمینجمنٹ نہیں ہوتی، دہشت گردی کا مسئلہ برقرار رہے گا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ پاک افغان بارڈر مینجمنٹ ایک قومی سلامتی کا مسئلہ ہے جس پر سیاست نہ کی جائے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ افغانستان بھارت کے ساتھ ملکر پاکستان کی سلامتی کیخلاف سازشیں کر رہا ہے، اگر سرحد پار سے دہشت گرد آئیں اور کارروائیاں کریں تو ہمیں سرحد بند کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہے۔ وزیر دفاع نے ایوان کو بتایا کہ گزشتہ روز دہشتگردی کی کارروائی میں پانچ فوجی جوان شہید ہوئے۔ وزیر دفاع نے پنجاب میں پشتونوں کے خلاف کارروائیوں کی نفی کی اور کہا کہ پنجاب میں کسی ایک قوم کو ٹارگٹ نہیں کیا جا رہا۔ جنوبی پنجاب میں بھی بڑے بڑے دہشت گرد مارے گئے ہیں جو غیر پشتون تھے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب، نسل یا صوبہ نہیں ہوتا۔ ہم نے دہشتگردی کیخلاف جاری جنگ کو ملکر منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔


خبر کا کوڈ: 615611

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/615611/افغانستان-بھارت-کیساتھ-ملکر-پاکستان-کی-سلامتی-کیخلاف-سازشیں-کررہا-ہے-خواجہ-آصف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org