0
Sunday 27 Mar 2011 12:39

پاکستانی قبائل پر ڈرون حملوں سے گریز کیا جائے، جنرل پیٹریاس، ڈرون حملے میں عام افراد کی ہلاکتوں پر افسوس ہے، مارک گراس مین

پاکستانی قبائل پر ڈرون حملوں سے گریز کیا جائے، جنرل پیٹریاس، ڈرون حملے میں عام افراد کی ہلاکتوں پر افسوس ہے، مارک گراس مین

 اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ افغانستان میں نیٹو فوجی کمانڈر جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے شمالی وزیرستان میں گزشتہ دنوں ہونے والے ڈرون حملے سے متعلق پاکستانی فوجی قیادت کے شدید احتجاج سے امریکی حکومت کو آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے حملوں سے مستقبل میں گریز کیا جائے جس کا نشانہ قبائلی ہوں ورنہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کا تعاون ختم ہو جائے گا۔ ذرائع کے مطابق جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے پاکستانی فوجی قیادت سے اس حملے کے بعد رابطہ کیا تھا جس میں انہیں فوجی قیادت کے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑا اور ان پر واضح کر دیا گیا کہ جن معصوم لوگوں کو ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا گیا وہ معزز قبائلی تھے، جو ہمیشہ دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کا ساتھ دیتے رہے اور ڈرون حملے نے نہ صرف پاک فوج کو نقصان پہنچایا ہے بلکہ اس سے دہشت گردوں کو بھی فائدہ پہنچا ہے۔ تاہم ابھی تک پینٹا گون یا امریکی محکمہ خارجہ نے باضابطہ طور پر اس حملے میں شہریوں کی ہلاکت پر معافی مانگی ہے نہ ہی افسوس کا اظہار کیا ہے جس پر فوجی قیادت شدید برہم ہے۔
ادھر برسلز میں پاکستان اور افغانستان کیلئے امریکا کے خصوصی نمائندے مارک گراس مین نے شمالی وزیرستان ڈرون حملے میں قبائلیوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مارک گراس مین نے شمالی وزیرستان میں 17 مارچ کو ڈرون حملے میں عام قبائلیوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار برسلز میں ایک مباحثے کے دوران کیا۔ برسلز فورم کے تحت مباحثے کا موضوع پاکستان کے ساتھ اعتماد کی کمی کو دور کرنا تھا۔ مارک گراس مین نے کہا کہ افغانستان میں امریکا کے مشن اور پاکستان کے ساتھ تعاون کا مقصد لوگوں کا تحفظ اور ان کی زندگیاں بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مخصوص آپریشنز کے متعلق بات نہیں کر سکتے اور نہ ہی پاکستان کے ساتھ تعاون کے تمام پہلوؤں پر بات کریں گے۔ تاہم اس تعاون کا مقصد پاکستان، امریکا اور یورپ کے عوام کو زیادہ محفوظ بنانا ہے۔ برطانوی وزیر دفاع لیام فوکس نے مباحثے کے دوران کہا کہ مغرب کو پاکستان کی مدد کرنی ہو گی تاکہ پاکستان مغرب کی مدد کرسکے۔
واشنگٹن میں ایک بیان میں امریکی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان اور افغانستان مارک گراسمین نے کہا کہ امریکا کو پاکستان میں ڈرون حملے میں بے گناہ شہریوں کی ہلاکت پر افسوس ہے، انھوں نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات کا مقصد شہریوں کے معیار زندگی اور تحفظ کو یقینی بنانا ہے،انھوں نے کہا کہ پاک امریکا مضبوط تعلقات امریکا اور یورپ کی سلامتی کیلئے بھی اہمیت کے حامل ہیں۔

خبر کا کوڈ : 61694
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش