0
Sunday 12 Mar 2017 20:47

کراچی، اسپتالوں میں بائیو میٹرک نظام نصب کرنے کی ہدایت

کراچی، اسپتالوں میں بائیو میٹرک نظام نصب کرنے کی ہدایت
اسلام ٹائمز۔ کراچی سمیت اندرون سندھ کے تمام اسپتالوں کی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اسپتالوں میں کام کرنے والے ملازمین کی بروقت حاضریوں کو یقینی بنانے کیلئے بائیو میٹرک سسٹم فوری نصب کریں، اسپتالوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے جائیں، اس نظام کو ڈائریکٹر جنرل صحت کے دفتر سے منسلک کیا جائے تاکہ ملازمین کی حاضریوں اور اسپتال میں آنے والے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی امداد کی یومیہ بنیادوں پر مانیٹرنگ کی جا سکے۔ ڈائریکٹر جنرل محکمہ صحت ڈاکٹر ایم توفیق نے بتایا کہ کراچی سمیت اندرون سندھ کے تمام ضلعی و تعلقہ اسپتالوں کی انتظامیہ سے سرکاری ایمبولینس گاڑیوں کی بھی تفصیل طلب کرلی گئی، تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ محکمہ صحت کے ماتحت دی جانے والی ایمبولینس گاڑیاں کتنی فعال اور غیر فعال ہیں، تمام اسپتالوں میں انٹرنیٹ اور وائی فائی کے ذریعے بائیو میٹرک سسٹم لگائے جانے والے کیمروں کی مانیٹرنگ کیلئے علیحدہ سے انقارمیشن یونٹ بھی قائم کردیا گیا، جہاں تمام اسپتالوں، انتظامیہ، ملازمین کی حاضریوں و کارکردگی کو مانیٹر کیا جاسکے گا۔

ڈاکٹر ایم توفیق نے بتایا کہ تمام ضلعی و تعلقہ اسپتالوں کی انتظامیہ کو اس حوالے سے مکتوب ارسال کردیئے گئے ہیں، ہدایت دی گئی ہے کہ 2 ہفتے کے اندر اسپتال میں گھوسٹ ملازمین کی فہرست بھی ارسال کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اندرون سندھ معلوم ہوا ہے کہ اسپتالوں میں گھوسٹ ملازمین بھی شامل ہیں جن کی تنخواہیں باقاعدگی سے جاری کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسپتالوں کے انتظامی سربراہوں سے حلف نامے کے ساتھ گھوسٹ ملازمین کی فہرست طلب کرلی گئی۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر ایم توفیق کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بھی خصوصی اقدامات کئے ہیں تاہم دواؤں کے ڈپو کو انٹرنیٹ سے منسلک کردیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 617604
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش