QR CodeQR Code

جی بی حکومت کے میرٹ کے دعوے کی قلعی کھل گئی، مخالفین کے الزامات پر مہر تصدیق ثبت

14 Mar 2017 00:09

سپیکر جی بی اسمبلی نے کہا ہے کہ ابراہیم ثنائی ایک طرف میرٹ کی بڑی باتیں کرتے ہیں، دوسری جانب اپنے علاقے کے لوگوں کو ڈائیریکٹر ایجوکیشن کے دفتر میں لاکر بھر دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت کے میرٹ کے دعووں کی قلعی اغیار نے نہیں بلکہ حکومتی شخصیات نے ہی کھول کے رکھ دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپیکر جی بی اسمبلی نے صوبائی وزیرتعلیم کے اس بیان پر شدید ردعمل دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ حاجی فدا ناشاد اور حاجی اکبر تابان اس لئے ان سے خفا ہیں کیونکہ انہوں نے ان کے بعض رشتہ داروں کے تبادلے کرا دیئے تھے۔ حاجی ناشاد نے مقامی اخبار کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈائیریکٹر ایجوکیشن بلتستان کے دفتر میں اسکردو کے صرف تین کلرک رہ گئے ہیں۔ اس دفتر کو صوبائی وزیرتعلیم نے اپنے چہیتوں، رشتہ داروں اور علاقے کے لوگوں سے بھر دیا ہے۔ ڈائیریکٹر ایجوکیشن کے دفتر کو جب ثنائی نے اپنے رشتہ داروں سے بھر دیا تو میں اور اکبر تابان نے ان سے احتجاج کیا تھا۔ اور کہا تھا کہ آپ کو وزیرتعلیم اس لئے نہیں بنایا گیا ہے کہ محکمہ تعلیم اسکردو کے دفتر کو اپنے رشتہ داروں، چہیتوں اور علاقے کے لوگوں سے بھر دیں۔ آپ وزیر ہیں، آپ کے اوپر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ لیکن بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ آپ صرف اپنے حلقے کی حد تک محدود ہوگئے ہیں۔ آپ اقرباپروری کی بدترین مثالیں قائم کر رہے ہیں، جو کسی بھی صورت میں درست نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابراہیم ثنائی کے اس دعوے میں کوئی حقیقت نہیں ہے کہ ہم نے اپنے رشتہ داروں کے تبادلے نہ کرانے کی کوئی سفارش کی تھی۔ ہم نے ان کے سامنے کبھی اپنے کسی رشتہ دار کی کوئی سفارش نہیں کی۔ ہم میرٹ پر تبادلے چاہتے ہیں لیکن ثنائی اقرباء پروری کو میرٹ سمجھ رہے ہیں۔ انہوں نے ہمارے حوالے سے جو کچھ کہا ہے ہم ان کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابراہیم ثنائی ایک طرف میرٹ کی بڑی باتیں کرتے ہیں، دوسری جانب اپنے علاقے کے لوگوں کو ڈائیریکٹر ایجوکیشن کے دفتر میں لاکر بھر دیا ہے۔ ہم وزیرتعلیم سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ اپنے لوگوں کو نوازنا میرٹ کا نام ہے؟ ہم خدا کو حاضر ناظر جان کر کہتے ہیں کہ میرٹ پر تبادلوں کی ہم نے کبھی کوئی مخالفت نہیں کی ہے۔ اقرباء پروری کی بنیاد پر کسی کو تبادلے کرنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی حفیظ الرحمٰن سے ثنائی کی کوئی شکایت نہیں کریں گے، وہ خود ہی اپنی اداوں پر غور کریں اور میرٹ پر کام کریں۔


خبر کا کوڈ: 617966

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/617966/جی-بی-حکومت-کے-میرٹ-دعوے-کی-قلعی-کھل-گئی-مخالفین-الزامات-پر-مہر-تصدیق-ثبت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org