0
Tuesday 14 Mar 2017 23:28

فاٹا کا 93 فیصد علاقہ محفوظ بنادیا گیا، آئی ایس پی آر

فاٹا کا 93 فیصد علاقہ محفوظ بنادیا گیا، آئی ایس پی آر
اسلام ٹائمز۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فاٹا کا 93 فیصد علاقہ محفوظ بنا دیا گیا ہے جب کہ علاقے کے 89 فیصد بے گھر افراد کی ان کے گھروں کو واپسی ہوچکی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پشاور میں خیبر پختونخوا کی خصوصی ایپکس کمیٹی اجلاس ہوا، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک، گورنر اقبال ظفر جھگڑا اور کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر بٹ سمیت دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ جب کہ اجلاس میں انٹیلی جنس ایجنسیوں اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام بھی شریک تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خصوصی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں افغان مہاجرین اور بارڈر مینجمنٹ، فاٹا کو قومی دھارے میں لانے اور صوبے میں سکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا جب کہ اس دوران آپریشن رد الفساد کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فاٹا کا 93 فیصد علاقہ محفوظ کردیا گیا ہے جب کہ علاقے کے 89 فیصد بے گھر افراد کی آبائی علاقوں کو واپسی ہوچکی ہے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اجلاس کے شرکا نے شدت پسندی کے خاتمے، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد اور عسکریت پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
خبر کا کوڈ : 618282
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش