0
Friday 17 Mar 2017 23:49

حکومت پاکستان بین الاقوامی سطح پر تمام انبیاء کی شان میں گستاخی کی سزا کا قانون پاس کروانے کیلئے عملی کردار ادا کرے، انجینیئر نوید قمر

حکومت پاکستان بین الاقوامی سطح پر تمام انبیاء کی شان میں گستاخی کی سزا کا قانون پاس کروانے کیلئے عملی کردار ادا کرے، انجینیئر نوید قمر
اسلام ٹائمز۔ تحریک حرمت رسول (ص) اور جماعةالدعوة کی اپیل پر ملک بھر کی طرح جنوبی پنجاب میں بھی یوم احتجاج منایا گیا، ملتان میں شاہ شمس کالونی میں ہونے والے احتجاجی مظاہرہ میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس دوران علماء کرام و دینی جماعتوں کے قائدین کی جانب سے خطبات جمعہ میں تحفظ حرمت رسول (ص) اور نظریہ پاکستان کو موضوع بنایا گیا اور سوشل میڈیا پر گستاخیوں کیخلاف خطبات جمعہ میں مذمتی قراردادیں پاس کی گئیں۔ جماعة الدعوة اور تحریک حرمت رسول(ص) ملتان کی طرف سے وہاڑی روڈ نزد کوکا کولا فیکٹری پرحرمت رسول (ص) اور نظریہ پاکستان کے حوالے سے مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت تحریک حرمت رسول (ص) اور جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما انجینئر نوید قمر نے کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جن پر پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ، حرمت رسول(ص) پر جان بھی قربان ہے، گستاخ بلاگرز کو سزائیں دو، نظریہ پاکستان ہی بقائے پاکستان ہے، جیسے دیگر جملے درج تھے۔ شرکاء کی جانب سے شدید نعرے بازی بھی کی جاتی رہی۔ احتجاجی مظاہرہ سے قبل انجینئر نوید قمر نے جامع مسجد امیر حمزہ نزد شاہ شمس کالونی میں نماز جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا۔ احتجاجی مظاہرہ اور خطبہ جمعہ کے دوران جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما انجینئر نوید قمر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر گستاخیاں بیرونی قوتوں کی شہ پر کی جا رہی ہیں اور گستاخ عناصر کی ڈوریں بیرون ممالک سے ہلائی جا رہی ہیں۔ شان رسالت (ص)میں گستاخیوں کی حالیہ لہر میں انڈیا بھی پیش پیش ہے۔ حکومت پاکستان بین الاقوامی سطح پر تمام انبیاء کی شان میں گستاخی کی سزا کا قانون پاس کروانے کیلئے عملی کردار ادا کرے۔ بیرونی قوتیں نوجوان نسل کے دل و دماغ سے نظریہ پاکستان کھرچنے کی کوششیں کر رہی ہیں۔ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آنے والے ملک کو سیکولر بنانے کیلئے کروڑوں ڈالر خرچ کئے جا رہے ہیں۔ جماعة الدعوة نظریہ پاکستان مہم کے ذریعہ ملک بھر میں اتحادویکجہتی کی فضا پیدا کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 619193
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش