QR CodeQR Code

اشتعال انگیز تقاریر کیس، عدالت نے فاروق ستار کو ہر صورت گرفتار کرنے کا حکم دیدیا

18 Mar 2017 17:09

کراچی میں اے ٹی سی عدالت نے فاروق ستار کی عدم گرفتاری اور پولیس رپورٹ پر عدم اطمینان اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے، حکومت اور پولیس کو مقدمات کی حساسیت کو سمجھنا ہوگا، عدالت نے عامرخان اور خالد مقبول صدیقی کو بھی پیر تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم جاری کیا۔


اسلام ٹائمز۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کو اشتعال انگیز تقریر اور میڈیا ہاؤسز پر حملوں کے کیس میں 20 مارچ تک ہر صورت پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں اشتعال انگیز تقاریر اور میڈیا ہاؤسز پر حملوں کے کیس کی سماعت ہوئی۔ کیس کے تفتیشی افسر حمید خان نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں، فاروق ستار اور دیگر کی گرفتاری کیلئے ضلعی سطح پر ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جب کہ ملیر میں درج مقدمات کی تفتیشی رپورٹ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار دیں گے۔ عدالت نے فاروق ستار کی عدم گرفتاری اور پولیس رپورٹ پر عدم اطمینان اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے، حکومت اور پولیس کو مقدمات کی حساسیت کو سمجھنا ہوگا، فاروق ستار کو ہر صورت گرفتار کیا جائے اور عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں عامر خان اور خالد مقبول صدیقی کو بھی پیر تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے سماعت 20 مارچ تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار پر اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری اور میڈیا ہاوسز پر حملے کا الزام ہے اور ان کے خلاف آرٹلری میدان تھانے میں مقدمات درج ہیں۔


خبر کا کوڈ: 619427

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/619427/اشتعال-انگیز-تقاریر-کیس-عدالت-نے-فاروق-ستار-کو-ہر-صورت-گرفتار-کرنے-کا-حکم-دیدیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org