QR CodeQR Code

گلگت، نگر ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی نے اسلامی تحریک کی مشروط حمایت کا فیصلہ کرلیا

18 Mar 2017 23:29

پیپلز پارٹی نے اسلامی تحریک کو اگلے انتخابات میں امیدوار سامنے نہ لانے کی شرط پر ضمنی انتخاب میں اسلامی تحریک کے مقابلے میں امیدوار کھڑا نہ کرنے اور مکمل حمایت کی پیشکش کر دی۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت نگر حلقہ نمبر 4 میں اسلامی تحریک پاکستان کے رکن اسمبلی محمد علی شیخ کی وفات کے بعد مذکورہ حلقے میں ضمنی الیکشن کے لئے تیاریاں شروع ہوگئیں۔ اس سلسلے میں اسلامی تحریک پاکستان، پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ نون اور مجلس وحدت مسلمین نے کارنر میٹنگوں کا آغاز کردیا ہے۔ اس سلسلے میں ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اسلامی تحریک اور پیپلز پارٹی کے درمیان اتحاد ہونے کا امکان موجود ہے اور ان دونوں جماعتوں کے درمیان مذاکرات فیصلہ کن موڑ پر پہنچ گئے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اسلامی تحریک پاکستان کو اگلے انتخابات میں امیدوار سامنے نہ لانے کی شرط پر ضمنی انتخاب میں اسلامی تحریک پاکستان کے مقابلے میں امیدوار کھڑا نہ کرنے اور مکمل حمایت کی پیشکش کی ہے۔ اسلامی تحریک پاکستان کی جانب سے مثبت جواب ملنے کی صورت میں اسلامی تحریک پاکستان کے متوقع امیدوار شیخ محمد باقر اور مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار کے مابین مقابلہ ہوگا۔ اسلامی تحریک پاکستان کی جانب سے مثبت جواب نہ ملنے کی صورت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے متوقع امیدوار جاوید حسین میدان میں اتریں گے اور مجلس وحدت مسلمین سمیت اسلامی تحریک پاکستان کے انتخابات میں حصہ لینے کی صورت میں مذہبی ووٹ تقسیم ہوگا، جس کا فائدہ پاکستان پیپلز پارٹی کے متوقع امیدوار جاوید حسین کو ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 619535

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/619535/گلگت-نگر-ضمنی-الیکشن-میں-پیپلز-پارٹی-نے-اسلامی-تحریک-کی-مشروط-حمایت-کا-فیصلہ-کرلیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org