QR CodeQR Code

پیپلز پارٹی کے مفادات پاکستان کیساتھ نہیں بلکہ 22 اگست والوں کیساتھ ہیں، فاروق ستار

18 Mar 2017 23:46

ایم کیو ایم کے 33 ویں یوم تاسیس کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ کے لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ 33 سال کی ناانصافیوں کی 33 دن میں دستاویزات بنائیں گے، اپنی درخواستیں ہر ادارے کو پہنچائیں گے، باور کرائیں گے کہ ہم پاکستان میں ترقی پسند انقلاب لانا چاہتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے الزام عائد کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے مفادات پاکستان کے ساتھ نہیں، بلکہ 22 اگست کو جو کچھ بھی ہوا، اس کے ساتھ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے 33 ویں یوم تاسیس کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے 22 اگست کے بعد لندن سے اپنے رابطے منقطع کئے، 22 اگست کی پالیسی سے مہاجر عوام کے مفادات نہیں جڑے، 23 اگست ہی مہاجر عوام اور مظلوموں کا ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نہیں بلکہ سندھ حکومت 22 اگست کے ساتھ کھڑی ہے، ہمارے کارکنوں کو مجبور کیا جا رہا ہے کہ وہ 22 اگست کے ساتھ جائیں، سندھ کے غریب عوام کو لوٹنے کی پالیسی کو 22 اگست سے تحفظ مل سکتا ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ سندھ کے لوگوں کو بالعموم اور کراچی شہر کے عوام کو بالخصوص یقین دلاتا ہوں کہ 33 سال کی ناانصافیوں کی 33 دن میں دستاویزات بنائیں گے، ایم کیو ایم اپنی درخواستیں ہر ادارے کو پہنچائے گی اور عدالت سے بھی رجوع کریں گے، صوبائی و قانونی اسمبلیوں میں باور کرائیں گے کہ ہم پاکستان میں ترقی پسند انقلاب لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں مقامی حکومت کا قانون بھی لے کر جا رہے ہیں، پاکستان کو جاگیرداروں، سرمایہ داروں کے چنگل سے آزاد کرائیں گے، 5 سال میں پاکستان کو ترقی اور تعلیم یافتہ بنا سکتے ہیں۔ فاروق ستار نے کہا کہ مردم شماری کی پٹیشن ہم نے سپریم کورٹ میں فائل کر دی ہے، کراچی اور حیدرآباد کی آبادی کو کم کرکے دکھایا جاتا ہے، سندھ اسمبلی میں مقامی حکومت اور میئر کے اختیارات کا قانون بھی لے کر جا رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 619544

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/619544/پیپلز-پارٹی-کے-مفادات-پاکستان-کیساتھ-نہیں-بلکہ-22-اگست-والوں-ہیں-فاروق-ستار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org