QR CodeQR Code

مذہب یا مسلک کی بنیاد پر کسی بھی شہری کی تضحیک کا اختیار کسی کے پاس نہیں، ناصر شیرازی

21 Mar 2017 00:34

مختلف وفود سے گفتگو میں ایم ڈبلیو ایم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ عوام کے منتخب نمائندے مسلکی تعصب کا شکار ہوئے بغیر کام کرکے ہی ملک و قوم کی حقیقی خدمت کرسکتے ہیں۔ پاکستان میں بسنے والے ہر فرد کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ مسلک یا مذہب کو بنیاد بنا کر کسی کی بھی توہین کو شرپسندی کے سوا کوئی دوسرا نام نہیں دیا جا سکتا۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری سید ناصر شیرازی نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری محکموں میں موجود متعصبانہ سوچ رکھنے والے عناصر مذہبی منافرت کے فروغ کا باعث اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں مردم شماری کے دوران مسلک پوچھنے پر اصرار کیا جانا غیر آئینی اور شماریات کے فارم میں درج نکات کے برعکس ہے۔ اعلٰی حکام کی طرف سے سروے ٹیم کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ مسلک کے بارے میں تحقیق کا شماریات سے کوئی تعلق نہیں، اس سے اجتناب برتا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت کی راہ ہموار کرنے کی کوششیں نقصاندہ ثابت ہوں گی۔ مذہب یا مسلک کی بنیاد پر کسی بھی شہری کی تضحیک کا اختیار کسی کے پاس نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے منتخب نمائندے مسلکی تعصب کا شکار ہوئے بغیر کام کرکے ہی ملک و قوم کی حقیقی خدمت کرسکتے ہیں۔ پاکستان میں بسنے والے ہر فرد کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ مسلک یا مذہب کو بنیاد بنا کر کسی کی بھی توہین کو شرپسندی کے سوا کوئی دوسرا نام نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا ردالفساد کے نتائج ملنا شروع ہوگئے ہیں۔ ملک میں دہشت گردی کے واقعات کی کمی پاک فوج کی کامیابی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پاکستان کی مضبوطی اور سالمیت و استحکام دہشت گردی اور کرپشن کا خاتمے سے مشروط ہے۔ کرپٹ حکمرانوں اور دہشت گردوں کے سہولت کار وزراء کی موجودگی میں امن و امان کا قیام اور ملکی ترقی محض خواب و خیال ہے۔ پاناما کیس کا فیصلہ آنے کے بعد ملک میں بڑی سیاسی تبدیلیاں آئیں گی۔


خبر کا کوڈ: 620052

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/620052/مذہب-یا-مسلک-کی-بنیاد-پر-کسی-بھی-شہری-تضحیک-کا-اختیار-کے-پاس-نہیں-ناصر-شیرازی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org