0
Wednesday 22 Mar 2017 15:08

لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کی طالبہ نورین کی داعش میں شمولیت پر تفتیش کا آغاز

لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کی طالبہ نورین کی داعش میں شمولیت پر تفتیش کا آغاز
اسلام ٹائمز۔ پاکستانی طالبہ کی دہشتگرد گروہ داعش میں شمولیت پر اہم انکشافات، لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو کی طالبہ نورین کہاں گئی، کیسے گئی، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے تفتیش کا آغاز کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد سے ایک ماہ قبل لاپتہ ہونے والی لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کی سکینڈ ائر کی طالبہ نورین نے اسوہ جتوئی نامی لڑکی کے فیس بک اکاﺅنٹ سے بھائی کو پیغام بھیجا کہ وہ خیریت سے ہے، اسے تلاش نہ کیا جائے اور وہ ہجرت کرکے خلافت کی سرزمین پر پہنچ چکی ہے، اور وہ دعا گو ہے کہ اس کے گھر والے بھی کبھی نہ کبھی جلد اس سرزمین کی جانب ضرور ہجرت کرینگے۔ تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ یہ طالبہ اس وقت کہاں پر ہے، جبکہ دوسری جانب پولیس تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔ کیا حیدرآباد کی میڈیکل کی طالبہ نے داعش میں تو شمولیت اختیار نہیں کرلی، سی ٹی ڈی نے حیدرآباد پولیس سے تمام تفصیلات حاصل کرلیں۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق چیک کیا جا رہا ہے کہ نورین فیس بک اور موبائل پر کس کس سے رابطے میں تھی۔ سی ٹی ڈی انچارج راجہ عمر خطاب کہتے ہیں کہ پانچ سے زائد خاندانوں کی پاکستان سے روانگی کی اطلاعات ہیں، جس پر کام کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ایس ایس پی حیدر آباد عرفان بلوچ کے مطابق ایم بی بی ایس سکینڈ ائر کی طالبہ نورین نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کی بس میں حیدرآباد سے لاہور کیلئے گئی تھی، سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق طالبہ نے اپنی پہچان چھپانے کیلئے برقعہ پہنا ہوا تھا، جبکہ ہاتھوں پر دستانے تھے، طالبہ اپنی فیس بک پر شدت پسندانہ پوسٹیں کرتی تھی، جس کی وجہ سے فیس بک نے اس کی فیس بک آئی ڈی بند کر دی تھی۔
خبر کا کوڈ : 620423
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش