0
Thursday 23 Mar 2017 17:40

لاہور، آئی ایس او پاکستان کے مرکز میں یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریب، طلباء کی کثیر تعداد میں شرکت

لاہور، آئی ایس او پاکستان کے مرکز میں یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریب، طلباء کی کثیر تعداد میں شرکت
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں یوم پاکستان کے حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی سربراہی تنظیم کے مرکزی نائب صدر سید علی کاظمی نے کی جبکہ امامیہ چیف سکاؤٹ تصور کربلائی بھی سکاؤٹس کے ہمراہ موجود تھے۔ مرکزی نائب صدر کا کہنا تھاکہ اسلام، انسان کو آزادی و حریت کا درس دیتا ہے، اس درس آزادی سے ہمارے بزرگوں نے نظریہ اسلام کے تحت انگریزوں سے آزادی کی تحریک شروع کی، اس تحریک کو تقویت 23 مارچ 1940ء کو ملی جب قرارداد پاکستان کو اکثریتی رائے سے پاس کیا گیا، یوں ہمارے بزرگوں کو پاکستان جیسی عظیم نعمت کی شکل میں ایک الگ وطن نصیب ہوا۔ انہوں نے مزید کہاکہ پاکستانی عوام نے ہمیشہ ظالمین کی مخالفت کی ہے چاہے وہ کشمیر میں بھارتی مظالم ہوں یا فلسطین میں اسرائیلی جارحیت، پاکستانی عوام ہمیشہ سامراجی طاقتوں کے مخالف رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دو قومی نظریہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا اور اس کو بنانے میں ملت تشیع کا کردار واضح ہے، ملک کے حکمران پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست کی بجائے لبرل اسٹیٹ بنانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں کہ جو نظریہ پاکستان کے برعکس ہے۔ امامیہ چیف سکاؤٹ تصور کربلائی نے شرکاء تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے محافظ ہیں، دشمنان اسلام و پاکستان پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان بنانے والے پاکستان کی سلامتی و استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرنا جانتے ہیں، آئی ایس او کا ہر جوان ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، پاکستان اسلام کا قلعہ ہے، اسلام کی کامیابی پاکستان کے استحکام کیساتھ ہے، اس کی حفاظت کیلئے اپنی جان کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاکستان کے دشمنوں کیخلاف متحد ہو چکی ہے اور ملک دشمن عناصر سے بیزاری کا اظہار کرتے ہیں۔ تقریب میں کیک بھی کاٹا گیا اور ملک کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 620782
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش