0
Friday 24 Mar 2017 12:45

یوم پاکستان، مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرا دیے گئے

یوم پاکستان، مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرا دیے گئے
اسلام ٹائمز۔ یوم پاکستان کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے علاقوں سرینگر، اسلام آباد، پلوامہ، شوپیاں، کولگام اور دیگر جگہوں پر پاکستانی پرچم لہرا دیے گئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اس موقع پر پاکستان کے تحفظ، استحکام اور ترقی کیلیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ دختران ملت نے یوم پاکستان پر سرینگر میں ایک تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب کی شرکاء نے پاکستان کا قومی ترانہ گایا اور پاکستانی پرچم لہرایا۔ دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پابندیوں کے باوجود مقبوضہ علاقے میں یوم پاکستان کا منایا جانا عالمی برادری کیلئے واضح پیغام ہے کہ کشمیری پاکستان کے ساتھ جینا اور مرنا چاہتے ہیں۔ دختران ملت کی کارکنوں نے بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت کی دھمکی کے باوجود پاکستان کا پرچم لہرایا۔دھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سرینگر میں ایک بیان میں حکومت پاکستان، فوج اور عوام کو ان کے قومی دن پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد مسلمان ملک ہے جو کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی کھلی حمایت کرتا ہے۔

حریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق، فریدہ بہن جی، ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ، محمد رمضان خان، انسانی حقوق کی مقامی تنظیم ’’وائس آف وکٹمز‘‘ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عبدالقدیر اور جموں وکشمیر مسلم لیگ نے بھی اپنے بیانات میں پاکستانیوں کو ان کے قومی دن پر مبارکباد دی۔ ادھر بھارتی پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند سینئر رہنما مسرت عالم بٹ کو ڈسٹرکٹ جیل بارہمولہ سے رہائی کے فوراً بعد گرفتار کر لیا جبکہ حریت رہنماؤں شبیر احمد شاہ، جاوید احمد میر اور ظفر اکبر بٹ نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کشمیر کے بارے میں صدر ممنون حسین کے بیان کا خیرمقدم کیا۔

دریں اثنا سرینگر کے علاقے صورہ میں لوگوں نے بھارتی پولیس کی طرف سے رات کے وقت گھروں پر چھاپوں کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی وزیر داخلہ مسٹر راجناتھ سنگھ کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ کشمیر کوئی امن وقانون کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ کشمیریوں کا پیدائشی حق، حقِ خودارادیت کا مسئلہ ہے۔

دوسری جانب بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبد الباسط نے کشمیر کے تنازع پر دوٹو ک موقف اختیارکرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی کی تحریکوں کو وقتی طور پر دبایا جاسکتا ہے تاہم دائمی طور پر ختم نہیں کیا جاسکتا، کشمیریوں کی جدوجہد انشااللہ ضرور کامیاب ہوگی۔

یوم پاکستان پر نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے بھارت میں موجود تمام پاکستانیوں کومبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کی ولولہ انگیزقیادت میں برصغیرکے مسلمانوں نے آزادی کے خواب کی تعبیر پائی، پاکستان کو صحیح معنوں میں فلاحی مملکت بنانے کی ذمہ داری ہم سب پرعائد ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ امن پاکستان اوربھارت دونوں کے مفاد میں ہے اور معنی خیز مذاکرات سے ہی دیرپا امن یقینی بنایا جاسکتا ہے، بھارت سے مذاکرات کی خواہش کمزوری نہیں بلکہ ہماری طاقت ہے۔

علاوہ ازیں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا کہ پاکستان جموں کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کاحل بات چیت سے چاہتا ہے، دوطرفہ مسائل پرہمارا مؤقف اصولی اورعالمی قوانین کے مطابق ہے، دونوں ممالک کے درمیان تمام تنازعات پرامن طریقے سے حل کریں گے بالخصوص جموں کشمیر کا تنازع جس کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے گا۔ قبل ازیں ڈپٹی ہائی کمشنر سید حیدر شاہ نے یوم پاکستان کے حوالے سے صدر اور وزیر اعظم کے پیغامات پڑھے، تقریب میں پاکستانی ہائی کمیشن کے اسکول کے طلبا نے قومی نغمے گائے اور ٹیبلو پیش کیے۔ تقریب کے اختتام پر ہائی کمشنر کی اہلیہ نے طلبا میں تحائف تقسیم کیے۔
خبر کا کوڈ : 620973
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش