0
Friday 24 Mar 2017 13:43

کراچی میں پانی کے بحران کا خدشہ

کراچی میں پانی کے بحران کا خدشہ
اسلام ٹائمز۔ موسم گرما کے آغاز ہوتے ہی شہر کراچی میں پانی کا بحران شروع ہو چکا ہے، جبکہ حب ڈیم سے پانی کا لیول کم ہوجانے کے باعث شہر کو 40 ملین گیلن یومیہ پانی کم فراہم ہو رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہے شہر قائد میں پانی کا بحران پیدا ہو گیا ہے، جبکہ مئی و جون بالخصوص رمضان میں یہ بحران بدترین ہو جائے گا اور شہری بوند بوند پانی کو ترس جائیں گے۔ واٹر بورڈ کا مؤقف ہے کہ اس وقت دریائے سندھ سے واٹر بورڈ کو 550 ملین گیلن اور حب ڈیم سے 60 ملین گیلن پانی فراہم ہو رہا ہے، دونوں ذرائع سے مجموعی طور پر 610 ملین گیلن پانی کی فراہمی ہو رہی ہے، تاہم ذرائع کے کہنا ہے کہ واٹر بورڈ کی کھلی کینال سے آبی بخارات، رساؤ، پانی کی چوری اور دھابیجی و حب پمپنگ اسٹیشن کے پرانے پمپس کی استعداد کم ہونے کے باعث 160 ملین گیلن (16 کروڑ گیلن) یومیہ پانی کم ہو جاتا ہے، اس طرح حقیقی طور پر کراچی کو دونوں ذرائع سے مجموعی طور پر صرف 450 ملین گیلن پانی فراہم ہو رہا ہے۔ حب ڈیم سے کراچی کا شیئر 100 ملین گیلن یومیہ ہے، تاہم بارشوں کی کمی کے باعث حب ڈیم کا لیول مسلسل کم ہو رہا ہے۔ گذشتہ مہینوں حب ڈیم سے شہر کو 90 ملین گیلن یومیہ پانی فراہم ہو رہا تھا، جو حالیہ دنوں میں کم ہو کر 60 ملین گیلن یومیہ ہوگیا، حب ڈیم سے اس وقت 40 ملین گیلن یومیہ پانی کم مل رہا ہے۔

اس وقت نیو کراچی، نارتھ کراچی، بلدیہ، اورنگی، لانڈھی، ملیر، کورنگی، گلشن اقبال 13 ڈی، بلاک فائیو، لیاری، کھارادر، کیماڑی، شاہ فیصل کالونی، محمود آباد، لائنز ایریا، پی ای سی ایچ ایس اور دیگر علاقوں میں پانی کی قلت شروع ہو چکی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ واٹر بورڈ کے فراہمی آب کا ڈسٹری بیوشن سسٹم بھی تباہ حالی کا شکار ہے۔ پانی کی لائنوں میں رساؤ، والو آپریشن میں گڑبڑ اور سرکاری ہائیڈرینٹس میں ہونی والی بے قاعدگیاں بھی پانی کے بحران کا سبب ہیں۔ ایم ڈی واٹر بورڈ ہاشم رضا زیدی کے مطابق حب ڈیم سے پانی میں کمی واقع ہو چکی ہے اور 60 ملین گیلن یومیہ پانی مل رہے، آئندہ مہینوں میں مسائل کا سامنا ہوگا، جس کے حل کیلئے پلان تیار کر لیا ہے، اگر بارشیں ہو جاتی ہیں تو صورتحال کنٹرول میں رہے گی، بصورت دیگر گذشتہ سال کی طرح وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست کی جائیگی کہ حب ڈیم سے متاثرہ علاقوں میں ٹینکرز سروس شروع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پرپمپس کی استعداد بڑھانے کے منصوبے، 65 ملین گیلن اضافی پانی اور کے فور (K4) منصوبے پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔
خبر کا کوڈ : 621005
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش