0
Sunday 26 Mar 2017 14:38

کراچی سرکلر ریلوے اسٹیشن کی بحالی کا کام شروع

کراچی سرکلر ریلوے اسٹیشن کی بحالی کا کام شروع
اسلام ٹائمز۔ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں عوام کو تیز اور آرام دہ سفری سہولت کیلئے سرکلر ریلوے کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ تین سے چار سال میں مکمل ہوگا جو کہ تین مراحل پر مشتمل ہے، جبکہ پہلے مرحلے میں ریلوے ٹریک پر موجود غیر قانونی تجاوزات کو ہٹایا جائے گا۔ وزیر ٹرانسپورٹ سندھ ناصر حسین شاہ کے مطابق تینتالیس کلو میٹر کے سرکلو ریلوے کے منصوبے کیلئے نئے ٹریک بچھائی جائیں گے، جبکہ کرایہ بھی کم ہوگا۔ اس منصوبے کے سلسلے میں حکومت کو محکمہ ریلوے کا تعاون بھی حاصل ہے، تاہم اس وقت سب سے بڑا مسئلہ ان تجاوزات کو ختم کرنا ہے جن کے باعث کئی جگہوں پر ریلوے ٹریک مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں۔ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے کی راہ میں حائل ہزاروں کچے پکے مکانات کو گرایا جائے گا، تاکہ ٹریک کے دونوں اطراف اڑتالیس اڑتالیس فٹ جگہ بن سکے۔ خیال رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ پہلے ہی متعلقہ حکام کو کراچی سرکلر ریلوے کے روٹ کو کلیئر کرنے کے لئے تجاوزات ہٹانے کا حکم دے چکے ہیں۔ اس منصوبے پر دو ارب ساٹھ کروڑ ڈالر خرچ ہوں گے، جبکہ یہ رقم چین آسان قرض کی صورت میں فراہم کرے گا۔

یاد رہے کہ جون 2013ء میں سندھ کے وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ نے کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کے لئے 26 لاکھ امریکی ڈالر کے منصوبے کی منظوری دی، جس میں کئی نئے اسٹیشن اور ان اسٹیشنوں کے مطابق کئی نئے بس روٹس چلانے کا اعلان بھی کیا گیا، لیکن ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر نہ جانے کن وجوہات کی بناء پر یہ منصوبہ کھٹائی کا شکار ہوگیا اور اب کچھ معلوم نہیں کہ یہ سرکلر ریلوے منصوبہ کبھی بھی پایہ تکمیل تک پہنچ سکے گا یا اس شہر کے لوگ ایک آہ بھر کر اس ماضی کی سنہری یاد کو ہمیشہ ماضی کا ایک خوبصورت باب جان کر ہی یاد کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 621662
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش