0
Monday 27 Mar 2017 20:47

ہندوستان میں بڑھتی ہوئی فرقہ پرستی پر اتحاد بین المسلمین جموں کا اظہار تشویش

ہندوستان میں بڑھتی ہوئی فرقہ پرستی پر اتحاد بین المسلمین جموں کا اظہار تشویش
اسلام ٹائمز: عباس منزل جموں میں اتحاد بین المسلمین جموں کی کور کمیٹی کا ایک خصوصی اجلاس زیر صدارت پروفیسر ظہور الدین سابقہ صدر شعبہ اُردو جموں یونیورسٹی منعقد ہوا۔ اجلاس میں محمد شریف سرتاج صدر مسلم ایکشن کمیٹی جموں نے موجودہ سیاسی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے مسلمانوں کے درمیان آپسی اتحاد اور مسلسل رابطہ پر زور دیا۔ انہوں نے بھارت میں آر ایس ایس کی بڑھتی فرقہ پرستی پر تشویش کا اظہار کیا۔ اس دوران سید جمیل کاظمی نے بھی ملکی اور ریاستی سطح پر بڑھتی ہوئی فرقہ پرستی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آپسی اتحاد پر زور دیا۔ انہوں نے کمیٹی کو علماء کرام سے فوری رابطہ کی تجویز پیش کی۔ مشتاق احمد خان نے فرقہ پرستوں کی مسلسل شرانگیزی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنے علاقہ میں خود کئی مندر تعمیر کرائے مگر جب ہم نے مسجد تعمیر کی تو بیرونی علاقوں سے فرقہ پرستوں نے پریشانی کھڑی کی، جب کہ مقامی ہندوں بھائیوں نے ہمارا ساتھ دیا ہے۔

اجلاس سے خطاب میں محمد امین بانہالی نے مسلکی اختلافات کو دور کرنے پر زور دیا، سید اشتیاق حسین کاظمی نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ ہمارے علماء کرام ہی بکھرے ہوئے ہیں اور وہ لوگ ہی ہمیں فرقوں میں تقسیم کر رہے ہیں، اس لئے موجود صورتحال کا تقاضا ہے کہ ہم علماء کرام سے رابطہ استوار کریں تاکہ وہ لوگ اختلافات بالائے طاق رکھیں، ہم سب کو اتحاد اور اتفاق کی دعوت دینی چاہیئے۔ اجلاس سے خطاب میں پروفیسر شیح محمد ایوب سابق سکریٹری جموں و کشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن نے پیغامِ انسانیت کے نام سے کانفرس منعقد کرنے کی تجویز پیش کی، جس پر انہوں نے غیر مسلم تنظمیوں سے بھی تعاون حاصل کرنے پر بھی زور دیا۔ ڈاکٹر عبدالرشید نے انسان دوستی، خدا پرستی و امن پرستی کی بنیادوں پر آپسی اتحاد پر زور دیا ہے۔ انہوں نے آپسی اتحاد اور اتفاق کے لئے ائمہ مساجد سے رابطہ قایم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دوسرے مذاہب کے افراد سے بھی تال میل جول بنانے کی ضرورت ہے، تاکہ ان میں اسلام سے متعلق پائی جانے والی غلط فہمیوں کا بھی ازالہ کیا جاسکے۔
خبر کا کوڈ : 621753
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش