QR CodeQR Code

پاک افغان سرحد پر کسی کو باڑ لگانے کی اجازت نہیں دینگے، افغانستان

27 Mar 2017 13:04

امریکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ابھی تک افغان حکام نے پاک افغان سرحد کے کسی مقام پر باڑ تعمیر ہوتے ہوئے نہیں دیکھی، اگر ایسی کوئی کوشش کی گئی تو اسے روکیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ افغانستان نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے سرحد پر باڑ لگتے دیکھی ہے نہ کسی کو باڑ نصب کرنے کی اجازت دیں گے جبکہ افغان میڈیا نے کہا ہے کہ سرکاری دعویٰ غلط ہے۔ افغان وزارت داخلہ کے نائب ترجمان نجیب دانش نے امریکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک افغان حکام نے پاک افغان سرحد کے کسی مقام پر باڑ تعمیر ہوتے ہوئے نہیں دیکھی لیکن اگر کوئی ایسی کوشش کی گئی تو افغان حکومت اس منصوبے کو روک دے گی۔ انہوں نے کہاکہ سرحد پر باڑ تعمیر کرنا ہمارے لیے قابل قبول نہیں ہم کسی کو بھی باڑ نصب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ دوسری جانب افغان خبررساں ادارے ”خاما پریس“ کے مطابق پاکستان نے دہشتگردوں کی نقل وحرکت روکنے کیلئے ڈیورنڈ لائن کے ساتھ باڑ لگانے کا کام شروع کردیا ہے۔ ادھرجرمن نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی جانب سے شدت پسندوں کا داخلہ روکنے کے لیے سرحد پر باڑ کی تنصیب سے پاکستان اور افغانستان کے مابین پہلے ہی سے خراب تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ افغانستان برطانوی نو آبادیاتی دور میں مقرر کی گئی اس سرحد کو تسلیم نہیں کرتا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مہمند اور باجوڑ ایجنسی میں پاک افغان سرحدی علاقوں کا دورہ کرکے کہا تھا کہ سرحدی علاقے میں باڑ لگانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 621923

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/621923/پاک-افغان-سرحد-پر-کسی-کو-باڑ-لگانے-کی-اجازت-نہیں-دینگے-افغانستان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org