0
Monday 27 Mar 2017 14:53

الطاف حسین یونیورسٹی کا نام تبدیل کرکے فاطمہ جناح یونیورسٹی رکھنے کی منظوری

الطاف حسین یونیورسٹی کا نام تبدیل کرکے فاطمہ جناح یونیورسٹی رکھنے کی منظوری
اسلام ٹائمز۔ سندھ کابینہ نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے نام پر بننے والی یونیورسٹیوں کے نام تبدیل کرنے کی منظوری دیدی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بہت سے اہم فیصلے کئے گئے، جس میں سے ایک انتہائی اہم کراچی اور حیدر آباد میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے نام سے منسوب یونیورسٹیوں کے نام کی تبدیلی کے حوالے سے بھی کیا گیا۔ سندھ کابینہ نے اجلاس میں الطاف حسین یونیورسٹی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دیدی، جس کے بعد کراچی اور حیدرآباد میں الطاف حسین کے نام سے منسوب یونیورسٹیوں کے نام تبدیل کرکے فاطمہ جناح یونی ورسٹی رکھ دیا گیا ہے۔ صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد سندھ اسمبلی سے بھی الطاف حسین یونی ورسٹی کا نام تبدیل کرنے کی منظوری لی جائے گی۔

صوبائی وزیر سکندر میندھرو کا کہنا تھا کہ ادارے اور شاہرائیں محب وطن شخصیات کے نام سے منسوب ہونی چاہیئے، جو شخص ملک کے خلاف باتیں کر رہا ہو اور ان کے نام سے کوئی ادارہ منسوب نہیں ہو سکتا، بانی ایم کیو ایم نے ملکی سالمیت کے خلاف الفاظ استعمال کئے تھے اور جو پاکستان کے خلاف بات کرے، اسے اہمیت نہیں دینی چاہیئے۔ واضح رہے کہ 2014ء میں بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض نے کراچی اور حیدرآباد میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے نام سے دو یونیورسٹیوں کے قیام کا اعلان کیا تھا، جبکہ سندھ اسمبلی نے بھی کراچی اور حیدرآباد میں الطاف حسین یونیورسٹیوں کے قیام کا بل متفقہ طور پر منظور کرلیا تھا، جبکہ یونیورسٹیوں کیلئے زمین بھی پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے فراہم کی تھی۔
خبر کا کوڈ : 621982
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش