QR CodeQR Code

جنوبی وزیرستان میں پاک افغان سرحد انگور اڈہ گیٹ کی بندش کیخلاف گرینڈ جرگہ

27 Mar 2017 23:40

وانا کے مقام پر احمدزئی وزیر قبائل کا گرینڈ جرگہ منعقد ہوا، جس میں موجود عمائدین نے کہا کہ اگر 30 مارچ تک بارڈر نہ کھولا گیا تو پورے جنوبی وزیرستان میں پہیہ جام ہڑتال کرینگے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے پاک افغان سرحد کھولنے کے اعلان کے باوجود وانا کے مقام پر پاک افغان انگور اڈہ بارڈر گیٹ تاحال بند ہے۔ قبائلی عمائدین نے بارڈر گیٹ نہ کھلنے پر پہیہ جام ہڑتال کی دھمکی دے دی۔ جنوبی وزیرستان کے احمدزئی وزیر قبائل کا گرینڈ جرگہ وانا میں منعقد ہوا، جس میں احمد زئی وزیر قبائل نے پاک افغان انگور اڈہ سرحدی گیٹ کھلونے کا مطالبہ کیا۔ عمائدین نے جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اعلان کیا کہ بارڈر گیٹ کھلولے جائیں، طورخم اور چمن کھول دیا گیا، مگر انگور اڈہ گیٹ تاحال بند ہے، جو کہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ گیٹ کی بندش سے لوگوں کو شدید مسائل کا سامنا ہے۔ عمائدین نے مزید کہا کہ اگر 30 مارچ تک بارڈر نہ کھولا گیا تو پورے جنوبی وزیرستان میں پہیہ جام ہڑتال کریں گے۔ جرگہ نے حکومت سے تین مطالبات کئے، جن میں انگور اڈہ بارڈر گیٹ کھولنے سمیت سرچ آپریشن کے دوران قبائلی روایات کا خیال رکھنے اور لوکل چیک پوسٹوں پر نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو بے جا تنگ نہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے ملک میں شدت پسندی کی تازہ لہر میں 100 سے زیادہ ہلاکتوں کے بعد 16 فروری کو سکیورٹی خدشات کے باعث سرحد کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 622159

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/622159/جنوبی-وزیرستان-میں-پاک-افغان-سرحد-انگور-اڈہ-گیٹ-کی-بندش-کیخلاف-گرینڈ-جرگہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org