QR CodeQR Code

خطے میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کی جڑیں سعودی عرب سے ملتی ہیں، بہرام قاسمی

28 Mar 2017 14:44

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے منگل کے روز ایک بیان میں یمن کو جارحیت کا نشانہ بنانیوالے سعودی اتحاد کے ترجمان احمد العسیری کے ایران مخالف بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تاکید کیساتھ کہا ہے کہ علاقے میں حقیقی خطرہ، تکفیری دہشتگردی اور علاقائی و عالمی سطح پر اسکی حمایت کرنیوالے ممالک ہیں، جنھوں نے دہشتگردی کیخلاف مہم کے بہانے وحشیانہ ترین جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ علاقے میں دہشت گردی کی بنیاد سعودی عرب میں پائے جانے والے انتہا پسندانہ افکار و نظریات ہیں، جو اس وقت علاقائی و عالمی رائے عامہ کے لئے وبال جان بنے ہوئے ہیں۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے منگل کے روز ایک بیان میں یمن کو جارحیت کا نشانہ بنانے والے سعودی اتحاد کے ترجمان احمد العسیری کے ایران مخالف بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ علاقے میں حقیقی خطرہ، تکفیری دہشت گردی اور علاقائی و عالمی سطح پر اس کی حمایت کرنے والے ممالک ہیں، جنھوں نے دہشت گردی کے خلاف مہم کے بہانے وحشیانہ ترین جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے علاقے میں استحکام کے لئے ایران کی ہمہ جہت کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت امریکہ کے بل بوتے پر سعودی عرب کی غیر منطقی پالیسیاں علاقے کا استحکام متاثر ہونے کا باعث بنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں اغیار کی مداخلت سے تشدد، بدامنی اور عدم استحکام نیز دہشت گردی کے پنپنے کے سوا اور کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے۔ واضح رہے کہ یمن کو جارحیت کا نشانہ بنانے والے سعودی اتحاد کے ترجمان احمد العسیری نے ایران کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد نیز من گھڑت الزامات عائد کرتے ہوئے یمن میں بقول ان کے ایران کی مداخلت کا مقابلہ کرنے کے لئے سعودی عرب کی حمایت کرنے کی بنا پر حکومت امریکہ کی قدردانی کی ہے۔


خبر کا کوڈ: 622484

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/622484/خطے-میں-دہشتگردی-اور-انتہا-پسندی-کی-جڑیں-سعودی-عرب-سے-ملتی-ہیں-بہرام-قاسمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org