QR CodeQR Code

تعلقات نئے مرحلے میں داخل، روس ايران كیساتھ جوہری معاہدے كے نفاذ اور پُرامن جوہری تعاون پر تعميری كردار ادا كر رہا ہے، حسن روحانی

29 Mar 2017 00:55

اپنے دو روزہ دورہ روس کے اختتام پر ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ روسی ہم منصب كیساتھ تازہ ترين علاقائی امور بالخصوص شام، عراق، يمن، افغانستان، وسطی ايشيائی ممالک كے سكیورٹی امور اور قفقاز علاقے پر گفتگو كی گئی۔ روسی قيادت كیساتھ ايران ميں جوہری تعاون ميں توسيع، پاور پلانٹ كی تعمير بالخصوص بندر عباس ميں جاری تھرمل پاور پلانٹ كی تعمير پر بھي بات چيت ہوئی۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اپنے روس کے دورے کے اختتام کے موقع پر اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اس دورے سے ایران اور روس کے تعلقات نئے مرحلے میں داخل ہونے کے ساتھ باہمی روابط میں مثبت تبدیلی کا آغاز ہوا ہے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے کل رات ماسكو بين الاقوامی ائيرپورٹ پر تہران روانگی سے قبل صحافيوں سے گفتگو كرتے ہوئے كہا کہ روس گروپ 5+1 كا ايک اہم ركن ہے اور اسلامی جمہوريہ ايران كے ساتھ جوہری معاہدے كے نفاذ اور پُرامن جوہری تعاون پر تعميری كردار ادا كر رہا ہے۔ ایرانی صدر نے کہا كہ روس كے دورے سے دونوں ممالک كے درميان تعاون كو مزيد بڑھانے كے لئے راہ ہموار ہوگئی ہے اور اس كے علاوہ ہم روس كے ساتھ علاقائی اور بين الاقوامی سطح پر مشتركہ تعلقات كی توسيع كو بہت اہم سمجھتے ہيں۔ ایران کے صدر کا کہنا تھا كہ روسی ہم منصب كے ساتھ تازہ ترين علاقائی امور بالخصوص شام، عراق، يمن، افغانستان، وسطی ايشيائی ممالک كے سكیورٹی امور اور قفقاز علاقے پر گفتگو كی گئی۔ انہوں نے كہا كہ صدر پوٹن نے ايران كو طياروں اور ہيلی كاپٹر كی فروخت پر روس كی آمادگی كا اظہار كيا اور اس بات پر زور ديا كہ اس شعبے ميں دوطرفہ تعاون كو مزيد فروغ دينے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے كہا كہ روسی قيادت كے ساتھ ايران ميں جوہری تعاون ميں توسيع، پاور پلانٹ كی تعمير بالخصوص بندر عباس ميں جاری تھرمل پاور پلانٹ كی تعمير پر بھي بات چيت ہوئی۔ ایرانی صدر اور ان كے ہمراہ اعلٰی سطحی سیاسی و تجارتی وفد روس كے دو روزہ دورے كے بعد کل رات تہران واپس آگئے۔


خبر کا کوڈ: 622705

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/622705/تعلقات-نئے-مرحلے-میں-داخل-روس-ايران-كیساتھ-جوہری-معاہدے-كے-نفاذ-اور-پ-رامن-تعاون-پر-تعميری-كردار-ادا-كر-رہا-ہے-حسن-روحانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org