0
Friday 31 Mar 2017 13:32

اب پاکستان کی قسمت کے فیصلے امریکہ میں نہیں اپنی پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں، فیصل آباد میں چوہدری سرور کا خطاب

اب پاکستان کی قسمت کے فیصلے امریکہ میں نہیں اپنی پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں، فیصل آباد میں چوہدری سرور کا خطاب
اسلام ٹائمز۔ سابق گورنر پنجاب و مرکزی رہنما تحریک انصاف چوہدری محمد سرور نے فیصل آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم اور پاکستان تحریک انصاف سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کر رہی ہے، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ہمیشہ کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا جو بھی کا فیصلہ آئے گا قبول ہو گا، مجھے یقین ہے کہ اسی ہفتے فیصلہ آجا ئے گا، تاہم فیصلہ آنے تک کوئی ردعمل نہیں دے سکتے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ قد آور سیاستدانوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت خوش آئند بات ہے، تجربہ کار اور منجھے ہوئے سیاستدان پارٹی کا سرمایہ ہیں، ندیم آفتاب سندھو ہماری پارٹی میں شامل ہوئے ہیں جو کہ بڑی حوصلہ افزائی کی بات ہے اور انکی شمولیت سے پی ٹی آئی مزید مضبوط اور مستحکم ہو گی، انشاء اللہ آپ دیکھیں گے یہ پارٹی منظم ہو کر اگلا الیکشن لڑے گی اور فیصل آباد میں تحریک انصاف الیکشن کلین سویپ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے وارڈ نمبر 6 میں ایک معرکہ ہوا ہے جہاں حلقہ 125 وارڈ نمبر کا الیکشن میں ایک بڑا معرکہ سرانجام دیا گیا ہے، جب کنٹونمنٹ کے لوکل باڈیز الیکشن ہوئے تھے اس وقت ہم وہاں سے تقریباً 40 ،50 ووٹوں سے جیتے تھے اب ہم نے 750 ووٹ سے جیت حاصل کی ہے، وہاں ہم کیوں جیتے ہیں یہی پیغام میں فیصل آباد کے لوگوں کو بھی دینا چاہتا ہوں کہ وہاں پر ٹکٹ دینے کا فیصلہ میرٹ پر ہوا، جب میرٹ پر ٹکٹیں تقسیم ہوں گی تو انتخابی نتائج بھی بہتر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات میں بڑی حد تک تبدیلی آئی ہے، ایک وقت ایسا تھا کہ پاکستان کی قسمت کے فیصلے امریکہ میں ہوتے تھے اب پاکستان کی پارلیمنٹ فیصلہ کرتی ہے، پاکستان کے لوگ فیصلہ کرتے ہیں، ماضی میں ہمارے میڈیا کو ڈکٹیٹ کیا جاتا تھا اب میڈیا بڑے زور شور سے اپنی رائے کا اظہار کر رہا ہے، پہلے سپریم کورٹ کے ججز کے فیصلوں کا پہلے ہی پتا چل جاتا تھا کہ یہ فیصلہ کیا ہونا ہے تاہم اب پاکستان تحریک انصاف اور خود حکومت بھی فیصلے کا انتظار کر رہی ہے، پاکستان تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جس کا ووٹ بینک پورے ملک میں موجود ہے، ہر ٹاون میں ہر قصبے میں ہر محلے میں ہے، اب انہیں آرگنائز کرنا اور الیکشن کے دن فتح میں تبدیل کرنا اور الیکشن میں دھاندلی نہ ہونے دینا ایک بڑا چیلنج ہے، جس کیلئے پاکستان تحریک انصاف تیاری میں ہے اور ہم جنرل الیکشن کیلئے بھی پوری طرح تیار ہیں۔

پی ٹی آئی پنجاب کے سابق صوبائی صدر اعجاز چوہدری نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف خاموشی سے نہیں بیٹھی، پورا ویسٹ ریجن اور ورکر متحریک ہیں، پورے ملک سے پارٹی میں لوگ شامل ہو رہے ہیں، سپریم کورٹ کی آبزرویشنز ریکارڈ پر ہیں، لوگ فرسودہ نطام سے تنگ آ چکے ہیں، فیصلے وقتی طور پر بوسٹ کریں گے، چاہے وہ ہماری جماعت کو بوسٹ کریں یا دوسری جماعت کو، تاہم حتمی گول الیکشن ہی ہے، جو ہم نے گراس روٹ پر جا کر لڑنا ہے، ہم نے گزشتہ 2 سالوں میں اپنی غلطیوں سے سیکھا ہے کہ جب ہم متحد ہوں گے، جب ہم محنت کریں گے اور ٹیم ورک ہو گا، تو پی ٹی آئی جیتے گی۔ ریجنل صدر ویسٹ پنجاب چوہدری محمد اشفاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے چہروں کی پارٹی میں شمولیت سے پارٹی سیاسی طور پر بہتر پوزیشن میں آئی ہے اور پارٹی کو نئی قوت ملی ہے، وئی بھی پارٹی ساکن نہیں رہ سکتی، اس میں نئے چہرے آنے چاہئیں، ہماری سینئر قیادت فیصل آباد میں موجود ہے انہیں ویلکم کہتا ہوں، فیصل آباد میں پاکستان تحریک انصاف روز بروز مضبوط ہو رہی ہے، انشاء اللہ الیکشن میں ہماری جیت ہو گی، مجھے ٹاسک یہی دیا گیا تھا کہ پارٹی کو متحد کرنا اور مضبوط رکھنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 622999
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش