0
Thursday 30 Mar 2017 23:54

عالم اسلام کے پاس ٹینک اور توپ سے بڑا ہتھیار قرآن عظیم الشان ہے، سراج الحق

عالم اسلام کے پاس ٹینک اور توپ سے بڑا ہتھیار قرآن عظیم الشان ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے منصورہ میں منعقدہ عالمی محفل حسن قرأت کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی امن کی ضمانت صرف قرآن پاک کا آفاقی نظام دے سکتا ہے۔ حکمران عالمی سامراج سے ڈرنے کی بجائے اللہ تعالیٰ کی خشیت اختیار کریں اور ملک میں آئین و دستور کی بالادستی کو یقینی بنائیں تو پاکستان مسائل کی دلدل سے نکل کر خوشحالی کے راستہ پر گامزن ہو جائے گا۔ تاریخ گواہ ہے کہ قرآن پاک کو تھام لینے والی قومیں ہمیشہ عالمی افق پر جگماتی اور عزت و وقار حاصل کرتی رہی ہیں اور جن لوگوں نے قرآن پاک کی تعلیمات سے منہ موڑا وہ پستی کی اتھاہ گہرائیوں میں گم ہو گئے۔ جماعت اسلامی ملک میں قرآن کے عادلانہ نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ عوام اس میں ہمارا ساتھ دیں۔ محفل حسن قرأت میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، راشد نسیم، اسد اللہ بھٹو، حافظ محمد ادریس، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، میاں محمد اسلم، پروفیسر محمد ابراہیم، مولانا عبدالمالک، حافظ ساجد انور، محمد اصغر، اظہر اقبال حسن، آصف لقمان قاضی، ذکراللہ مجاہد، مولانا جاوید قصوری، قاری مختار احمد سواتی سمیت منصورہ کی بستی اور اردگرد کی بستیوں سے کارکنان جماعت اور ہزاروں افراد نے شرکت کی اور تلاوت قرآن پاک کی سماعت سے اپنے دلوں کو منور کیا۔ محفل حسن قرأت میں مصر سے محمد نصر طاروطی، محمد حسن الخیاط، سامح شرقاوی، محمد شیر، ملک کے معروف قاری احمد میاں تھانوی، مومن شاہ، احسان اللہ، عبدالغفار روپڑی، جامع مسجد منصورہ کے امام قاری وقار احمد چترالی و دیگر معروف قراء حضرات نے شرکت کی اور قرآن پاک کی تلاوت کی سعادت حاصل کی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عالم اسلام کے پاس ٹینک اور توپ سے بڑا ہتھیار قرآن عظیم الشان ہے جس سے دلوں کو فتح کیا جا سکتا ہے۔ انسانیت کے مسائل اس وقت حل ہونگے جب وہ قرآن کی طرف پلٹے گی۔ سیکولر ازم، سوشلزم اور سرمایہ دارانہ نظام کے تمام بت اوندھے منہ گر چکے ہیں، خالق کائنات کا نازل کردہ نظام ا سلام ہی اصل نظام زندگی ہے جو انسان کی ہر موقع پر رہنمائی کرتا ہے اور اسے انگلی پکڑ کر حق کے راستہ پر چلاتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 623201
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش