QR CodeQR Code

کراچی کے شہریوں کے حق میں آواز بلند کرنے پر جماعت اسلامی کے رہنمائوں اور کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کی گئی، سراج الحق

31 Mar 2017 22:30

بہاولپور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ آصف زرداری لاہور آ کر پیپلزپارٹی کے اسیروں کی رہائی کی بات کرتے ہیں مگر خود ان کی حکومت نے جماعت اسلامی کراچی کے درجنوں کارکنوں کو عوام کے حقوق کی بات کرنے پر گرفتار کیا۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ بہاولپور صوبہ جنوبی پنجاب کے عوام کا حق ہے لیکن پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن دونوں نے عوام کو یہ حق نہیں دیا۔ بہاولپور کو الگ صوبہ بنانے سے کوئی قیامت نہیں آ جائے گی۔ ریاست بہاولپور نے قیام پاکستان کے وقت پاکستان کی بڑی خدمت کی مگر بعد میں آنے والوں نے اس کا خیال کرنے کی بجائے اسے پامال کرنا شروع کر دیا۔ جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق ملنا چاہیے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت چار برسوں میں جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ نہیں بنا سکی۔ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن دونوں حکومتوں کے ادوار میں جنوبی پنجاب کو نظر انداز اور عوام کے بنیادی حقوق غصب کیے گئے۔ حکمران بھارت کو بجلی دینے کا اعلان کرتے ہیں، مگر اپنے ملک کے عوام بدترین لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا ہیں۔ ان حکمرانوں کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ یہاں کے ہیں یا وہاں کے؟۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہاولپور میں بڑے عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر، ضلعی امیر ڈاکٹر ذیشان اختر، سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم، میاں مقصود احمد، زبیر گوندل، ارسلان خان خاکوانی اور جام حضور نے بھی خطاب کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ آصف زرداری لاہور آ کر پیپلز پارٹی کے اسیروں کی رہائی کی بات کرتے ہیں مگر خود ان کی حکومت نے جماعت اسلامی کراچی کے درجنوں کارکنوں کو عوام کے حقوق کی بات کرنے پر گرفتار کیا۔ سندھ حکومت بتائے کہ اس نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور نائب امیر جماعت اسلامی اسداللہ بھٹو سمیت درجنوں کارکنوں کو پرامن احتجاج پر کیوں گرفتار کیا؟۔ کراچی کے شہریوں کے حق میں آواز بلند کرنے پر جماعت اسلامی کے رہنمائوں اور کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کی گئی اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ کراچی کے عوام وفاقی و صوبائی حکومت کی عدم توجہی کا شکار ہیں۔ کراچی کے شہریوں سے بجلی کے بلوں کے نام پر بھتہ وصول کیا جا رہا ہے۔ کراچی کسی ایک قوم کا نہیں، پورے ملک کے عوام کا شہر ہے۔ کراچی والوں کو کچرے سے پاک شہر دینا حکومت کی ذمہ داری ہے جسے مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا ہے، کراچی نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کا سب سے بڑا شہر اور پاکستان کا معاشی حب ہے۔ کراچی کبھی روشنیوں کا شہر ہوا کرتا تھا مگر اب کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ نے اسے تاریکی میں ڈبو دیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 623409

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/623409/کراچی-کے-شہریوں-حق-میں-آواز-بلند-کرنے-پر-جماعت-اسلامی-رہنمائوں-اور-کارکنوں-کی-پکڑ-دھکڑ-گئی-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org