0
Thursday 31 Mar 2011 11:43

پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری، مل کر تمام مسائل حل کرنے پر اتفاق

پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری، مل کر تمام مسائل حل کرنے پر اتفاق
موہالی:اسلام ٹائمز۔ پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کی ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ دونوں ملکوں نے خطے کے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے مخلصانہ کوششوں پر اتفاق کیا ہے۔ پاک بھارت سیمی فائنل کے دوران بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ جس میں کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی ان کے صاحبزادے راہول گاندھی، دونوں ملکوں کے سفارتکاروں اور سیاستدانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر من موہن سنگھ اور وزیراعظم گیلانی کے درمیان دو طرفہ امور پر بات چیت بھی ہوئی، ملاقات کے بعد مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملک تمام مسائل مل کر حل کریں گے۔ 
وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے عوام کو جامع مذاکرات کی بحالی پر مبارکباد دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوشحالی اور خطے کے بنیادی مسائل غربت و بے روزگاری کے خاتمے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ اور کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے کرکٹ میچ دیکھنے کی دعوت قبول کرنے پر یوسف رضا گیلانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ نے دونوں ممالک کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ من موہن سنگھ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو نقطہ نظر میں اختلاف ختم کرنے پر توجہ دینی ہو گی۔
 بھارتی سیکریٹری خارجہ نیروپما راو کے مطابق پاکستانی وزیراعظم کا دورہ دونون ممالک تعلقات میں بہتری کا باعث ہو گا۔ بھارت دہشتگردی سے پاک ماحول میں مذاکرات کا خواہاں ہے، بھارتی سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت خطے کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور دونوں ممالک کو ہمسائے کی حثیت سے براہ راست رابطے میں رہنا چاہیے۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے بھی دونوں وزرائے اعظم کی ملاقات کو پاک بھارت مذاکرات کی فتح قرار دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 62347
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش