0
Saturday 1 Apr 2017 12:06

پاراچنار، کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا ختم، شہداء کی تدفین بھی کر دی گئی

پاراچنار، کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا ختم، شہداء کی تدفین بھی کر دی گئی
اسلام ٹائمز۔ کرم ایجنسی میں ہونے والے دھماکے کے بعد پاراچنار میں جاری شہریوں کا دھرنا کامیاب مذاکرات کے بعد ختم ہوگیا، واقعے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے ملتان، ٹنڈو محمد خان اور مظفرآباد میں بھی احتجاج کیا گیا۔ پاراچنار میں امام بارگاہ کے باہر ہونے والے دھماکے کے خلاف شہریوں نے شہداء کی لاشیں اٹھا کر شہید پارک میں دھرنا دیا اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا، جس کے بعد قبائلی عمائدین اور پولیٹیکل انتظامیہ کے درمیان 2 گھنٹے تک جاری رہنے والے کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کر دیا گیا، مذاکرات میں قبائلی عمائدین، علماء کرام اور فورسز کے افسران شامل تھے۔ مذاکرات کے بعد علامہ فدا مظاہری اور علامہ الطاف حسین نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے اُن کا مطالبہ مان لیا ہے، جس کے بعد چیک پوسٹوں پر کرم ملائشیا کے مقامی نوجوانوں کو تعینات کیا جائے گا اور فائرنگ میں ملوث ایف سی اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اس اعلان کے بعد احتجاجی مظاہرین نے دھرنا ختم کرتے ہوئے شہداء کے جنازے اُٹھا کر مرکزی امام بارگاہ لائے، جہاں شہداء کی نماز جنازہ ادا کی گئی، جس کے بعد شہداء کی انکے آبائی علاقوں میں تدفین کر دی گئی۔ واضح رہے کہ پاراچنار بم دھماکے میں 24 افراد جاں بحق اور 90 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 623509
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش