0
Thursday 31 Mar 2011 13:43

چارسدہ، مولانا فضل الرحمان کی جلسہ گاہ آمد سے قبل ڈی سی او آفس کے قریب دھماکہ، 12 افراد جاں بحق، 29 زخمی

چارسدہ، مولانا فضل الرحمان کی جلسہ گاہ آمد سے قبل ڈی سی او آفس کے قریب دھماکہ، 12 افراد جاں بحق، 29 زخمی
چارسدہ:اسلام ٹائمز۔ چارسدہ میں مولانا فضل الرحمان کے قافلے کے قریب خودکش دھماکے میں چار پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد جاں بحق اور 29 زخمی ہو گئے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کے ساتھی دھماکے میں محفوظ رہے۔ پولیس کے مطابق چار سدہ میں ڈی سی او آفس کے قریب مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر خودکش حملہ کیا گیا اور ایک خودکش حملہ آور نے خود کو قافلے کے قریب دھماکے سے اڑا دیا، دھماکے میں مولانا فضل الرحمان کی گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے، جبکہ پولیس کی موبائل وین کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں سوار ایک انسپکٹر اور دیگر تین اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ دھماکے کے زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال چار سدہ اور لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ 
دھماکے کے بعد جیونیوز سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ قافلے میں اکرم درانی اور اعظم سواتی بھی ان کے ساتھ تھے، وہ اور ان کے ساتھی خیریت سے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں کسی قسم کی دھمکیاں موصول نہیں ہو رہی ہیں، ساتھیوں سے مشورے کے بعد انہوں نے چارسدہ میں جلسے سے خطاب ملتوی کر دیا ہے۔ گذشتہ روز بھی صوابی انٹر چینج کے قریب مولانا فضل الرحمان کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں دس افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چارسدہ میں ڈی سی او آفس کے قریب مولانا فضل الرحمان کے قافلے کے قریب دھماکے سے بارہ افراد جاں بحق اور انتیس زخمی ہو گئے۔ مولانا فضل الرحمان، اعظم سواتی اور اکرم درانی محفوط ہیں۔ دھماکہ جلسہ شروع ہونے سے قبل کیا گیا، جس کے بعد مولانا نے جلسے سے خطاب ملتوی کر دیا ہے۔ دھماکے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں ہیں جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے ڈی پی او چار سدہ نثار علی نے چار سدہ میں مولانا فضل الرحمن کے اسکواڈ کی گاڑی پر خودکش حملے کی تصدیق کر دی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایس ایچ او اور دو پولیس اہلکاروں سمیت بارہ افراد شامل ہیں۔ دھماکے میں ایک خاتون بھی جاں بحق ہوئی ہیں جبکہ تیس افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ جبکہ شدید زخمیوں کو پشاور میں لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق خودکش حملہ آور کی عمر بیس سے پچیس برس کے درمیان ہے۔ دھماکے میں آٹھ سے دس کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا ہے۔ ڈی پی او چار سدہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کے لئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 62365
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش