0
Saturday 1 Apr 2017 21:59

قیام پاکستان سے ہی جنوبی پنجاب محرومیوں کا شکار ہے، سراج الحق

قیام پاکستان سے ہی جنوبی پنجاب محرومیوں کا شکار ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سنیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مسلح دہشت گردی نے معاشی اور سیاسی دہشت گردی کی کوکھ سے جنم لیا ہے، جہاں معاشی دہشت گردی ہوگی وہاں مسلح دہشت گردی کا ہونا لازمی امر ہے۔ جماعت اسلامی دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے کرپٹ حکمرانوں، بے رحم اشرافیہ، ظالم جاگیرداروں اور لینڈ و شوگر مافیا کے خلاف جہاد کر رہی ہے۔ غربت، جہالت، مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور لوڈشیڈنگ جیسے مسائل حکمرانوں کے پیداکردہ ہیں۔ ملک میں وسائل کی کمی نہیں مگر دولت کی غیر منصفانہ تقسیم اور حکمرانوں کی لوٹ مار نے ملک و قوم کو تباہی کے دھانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ جنوبی پنجاب کے عوام قیام پاکستان کے بعد سے الگ صوبے کا مطالبہ کر رہے ہیں، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ نے جنوبی پنجاب کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے۔ جنوبی پنجاب کے مسائل کا واحد حل اسے ایک الگ صوبے کی حیثیت دینا ہے۔ قومی و بین الاقومی اداروں نے جماعت اسلامی کو حقیقی جمہوری جماعت اور سپریم کورٹ نے ہماری دیانتداری کو تسلیم کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل بار شجاع آباد اور گنویں جلاپور پیروالا میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد، نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب عزیر لطیف، پیر طاہر عزیز بودلہ، میاں منیر احمد بودلہ، حامد بودلہ، برابر درانی نے بھی موجود تھے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جنوبی پنجاب ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا، جنوبی پنجاب میں بے پناہ وسائل ہونے کے باوجود وڈیروں اور جاگیرداروں کے ظلم وجبر نے عوام کو ترقی و خوشحالی سے محروم رکھا ہوا ہے۔ وڈیرے اور جاگیردار خود کو آقا اور عوام کو غلام سمجھتے ہیں حالانکہ ان میں اکثریت ان لوگوں کی ہے جنہوں نے انگریز سے وفاداری اور قوم سے غداری کے عوض جاگیریں حاصل کی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ جاگیردار اور وڈیرے عامی آدمی کو اپنا غلام رکھنے کیلئے عوام کی ترقی اور خوشحالی نہیں چاہتے، ترقی و خوشحالی کیلئے سیاسی شعور کی بیداری ضروری ہے تاکہ عوام ان ظالموں کے شکنجہ سے آزادی حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے ہی جنوبی پنجاب محرومیو ں کا شکار ہے۔ غربت و افلاس اور بے روزگاری نے یہاں مستقل ڈیرے ڈال رکھے ہیں، ہماری مائیں، بہنیں، بیٹیاں محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔ وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم سے ایک طرف بنگلے اور قلعہ نما محل ہیں اور دوسری طرف لوگ جھونپڑیوں میں رہنے پر مجبور ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر بہاولپور کو صوبہ بنا دیا جائے تو ہزاروں لوگ جنہیں روزانہ دفتری کاموں اور ہائیکورٹ میں مقدمات کے سلسلہ میں لاہور جانا پڑتا ہے، ان کا وقت اور وسائل ضائع ہونے سے بچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی طور پر بھی چھوٹے یونٹس کارکردگی کو موثر بنانے میں ہمیشہ ممد و معاون ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اس وقت کا انتظار نہ کریں جب غربت کے مارے عوام کا ہاتھ ان کے گریبانوں تک پہنچ جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 623735
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش