0
Sunday 2 Apr 2017 23:56

سرگودھا میں دربار کے متولی نے ساتھیوں کی مدد سے 20 افراد کو قتل کردیا

سرگودھا میں دربار کے متولی نے ساتھیوں کی مدد سے 20 افراد کو قتل کردیا
اسلام ٹائمز۔ سرگودھا میں دربار کے متولی نے ساتھیوں کی مدد سے 20 افراد کو تشدد کر کے قتل اور 4 کو زخمی کردیا۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق سرگودھا کے نواحی علاقے 95 شمالی کی درگاہ علی محمد گجر کے متولی عبدالوحید نے ساتھیوں کی مدد سے 20 افراد کو قتل کردیا۔ قتل ہونے والوں میں سے 16 افراد کا پوسٹ مارٹم کر کے نعشیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں، مرنے والوں میں 10 مقامی، 2 اسلام آباد، ایک لیہ، ایک پیر محل کا شہری شامل ہے۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے درگاہ کو مکمل طور پر سیل کر دیا جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ درگاہ کا متولی عبدالوحید مریدین کو برہنہ کر کے دھمال ڈلواتا اور ان سے کہتا کہ اس طرح مریدین گناہوں سے پاک ہو جاتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سرگودھا لیاقت علی چٹھہ کا کہنا تھا کہ درگاہ کے متولی نے مقتولین کو پہلے نشہ آور چیز کھلا کر بے ہوش کیا اور پھر انہیں چھریوں اور ڈنڈوں کے وار سے قتل کر دیا، جاں بحق افراد میں 4 خواتین اور 16 مرد شامل ہیں جب کہ 2 خواتین سمیت 4 افراد زخمی ہیں۔

واقعے کی اطلاع متولی کے تشدد سے بچ کر اسپتال پہنچنے والی خاتون نے دی۔ لیاقت علی چٹھہ کا کہنا تھا کہ دربار کے متولی عبدالوحید اور درگاہ کی صفائی کرنے والے نوید سمیت 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق گرفتار عبدالوحید خود کو اعلیٰ پائے کی روحانی شخصیت کہتا تھا اور الیکشن کمیشن کا ملازم ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سرگودھا میں ہونے والے افسوسناک واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے جب کہ آر پی او کی سربراہی میں 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 624048
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش