0
Monday 3 Apr 2017 18:49

خیبرپی کے حکومت کی وفاق اور واپڈا کیخلاف عدالت جانے کیلئے قانونی ماہرین سے مشاورت

خیبرپی کے حکومت کی وفاق اور واپڈا کیخلاف عدالت جانے کیلئے قانونی ماہرین سے مشاورت
اسلام ٹائمز۔ خیبرپختونخوا حکومت نے صوبہ میں بجلی کی بدترین غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور مقررہ کوٹہ کے مطابق بجلی کی عدم فراہمی پر وفاق اور واپڈا کیخلاف عدالت جانے کیلئے قانونی ماہرین سے مشاورت شروع کرتے ہوئے متعلقہ صوبائی محکموں کو صوبہ کا کیس تیار کرنے کی ہدایت کردی ہے جبکہ صوبائی حکومت نے وفاق کی جانب سے بجلی کا مقررہ کوٹہ، پن بجلی منافع اور اس کے بقایاجات کی عدم فراہمی کے بعد عدالت کے ذریعے صوبہ کا حق لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے گزشتہ ہفتہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبہ میں بجلی کی غیراعلانیہ اور ظالمانہ لوڈشیڈنگ کیخلاف اور صوبہ کے حق کے حصول کیلئے وفاقی حکومت اور واپڈا کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیاتھا۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے قانونی جنگ کیلئے لیگل ٹیم کیساتھ مشاورت شروع کردی ہے جبکہ وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے متعلقہ صوبائی محکموں کو صوبہ کو بجلی کوٹہ کی فراہمی، وفاق کے ذمہ واجب الادا بقایاجات اور سالانہ منافع کی تفصیلات کے بارے میں ہوم ورک کرکے صوبہ کا جامع مقدمہ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس سلسلے میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے میڈیا کو تصدیق کرتے ہوئے بتایاہے کہ صوبائی حکومت نے صوبہ کے حق کے حصول کیلئے قانونی جنگ کی تیاری شروع کرتے ہوئے قانونی ماہرین سے مشاورت کا آغاز کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اپنی ضرورت سے زیادہ اور سستی بجلی پیدا کرنے کے باوجود بھی بدترین اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا شکار ہے، حالانکہ آئین کی رو سے خیبرپختونخوا کی بجلی پر پہلا حق صوبہ کے عوام ہے اسلئے خیبرپختونخوا میں تو سرے سے لوڈشیڈنگ ہی نہیں ہونی چاہیے۔ اس کے باوجود ہم دوسرے صوبوں کے عوام پر بوجھ کم کرنے کے لئے شیڈول کے مطابق لوڈشیڈنگ برداشت کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے وزارت پانی و بجلی کا ریکوری کا بہانہ ختم کرنے کیلئے انہیں تمام درکار وسائل فراہم کردیئے لیکن اس کے باوجود بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم نہ ہوا، جس پر اب ان کے پاس آخری راستہ عدالت جانے کا رہ گیا ہے، اسلئے صوبائی حکومت جلد ہی واپڈا کیخلاف عدالت جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 624303
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش