0
Monday 3 Apr 2017 22:44

اسلامی ملک پر ایک مرتبہ پھر ایسٹ انڈیا کے ایجنٹ مسلط ہو چکے ہیں، سراج الحق

اسلامی ملک پر ایک مرتبہ پھر ایسٹ انڈیا کے ایجنٹ مسلط ہو چکے ہیں، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ غاروں میں بیٹھے دہشت گردوں سے اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے معاشی اور جمہوری دہشت گرد زیادہ خطرناک ہیں۔ کرپٹ اشرافیہ نے ملکی سالمیت کو دائو پر لگا دیا ہے اور ملک کو غیرملکی ایجنسیوں کی کالونی میں بدل دیا ہے، دولت کے بل بوتے پر ایوانوں میں پہنچنے کے راستے بند کرنے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن جلد از جلد انتخابی اصلاحات نافذ کرے، اصلاحات کے بغیر الیکشن مذاق اور عوام کے ساتھ دھوکہ ہے، اگر عوام کا عدالتی نظام، اداروں اور الیکشن کمیشن پر سے اعتماد اٹھ گیا تو یہ اس ملک کی تباہی ہوگی، جس ملک میں امیروں کے گھوڑے اور کتے مربے کھاتے ہوں اور غریب کی بیٹی کی عزت صرف دو وقت کی روٹی کے لئے نیلام ہو رہی ہو تو ایسے نظام کے خلاف بغاوت نہ کرنا منافقت ہے۔ اسلامی ملک پر ایک مرتبہ پھر ایسٹ انڈیا کے ایجنٹ مسلط ہو چکے ہیں جنہوں نے سیاست، معیشت اور جمہوریت پر قبضہ کر رکھا ہے، قومی خزانہ لوٹ کر بیرون ملک بینکوں میں جمع کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارلعلوم تعلیم القرآن سخاکوٹ میں سالانہ دستاربندی اور ختم بخاری شریف کے موقع پر بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ دشمن ہمارے ایٹم بم اور ٹینکوں سے نہیں ڈرتے بلکہ وہ نوجوانوں کے چہروں پر داڑھی، ہاتھوں میں قرآن، بہنوں اور بیٹیوں کے سر پر چادروں اور جہاد کے نعروں سے ڈرتے ہیں، ہماری اس قابل فخر تہذیب کے خلاف تمام تر سازشوں کی ناکامی کے باوجود اپنی ان سازشوں سے باز نہیں آ رہے ہیں، مسلمانوں کو آپس میں لڑانے اور مسلک، لسانیت اور علاقائی تعصبات سے ہماری قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں اور مسلم ممالک میں اپنے ایجنٹوں کے ذریعے ظالم حکمران مسلط کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ان سازشوں کو بے نقاب کرنے اور اُمت مسلمہ کو متحد کرنے کے لئے میدان میں ہے۔ ہماری جدوجہد ملک میں حقیقی شرعی نظام اور عملی جمہوریت کے لئے ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا اسلام آباد ان کرپٹ حکمرانوں کو وراثت میں ملا ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کرپٹ اشرافیہ کے آبائو اجداد کی جاگیر نہیں یہ عوام کا ہے اور بہت جلد اسلام آباد کے ایوانوں میں غریب عوام بیٹھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 624379
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش