QR CodeQR Code

گڑھی خدا بخش میں پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار بھٹو کی 38 ویں برسی کی تقریبات جاری

4 Apr 2017 14:42

برسی کی مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں سہہ پہر کو ہوگی، جس میں پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے علاوہ آصف زرداری اور بلاول زرداری بھی خطاب کرینگے، دوسری جانب گڑھی خدا بخش میں ہی پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے زیر اہتمام بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے، جس میں پارٹی کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو موجود ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ اندرون سندھ کے علاقے گڑھی خدا بخش میں پیپلز پارٹی کے بانی و سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 38 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 38 ویں برسی آج منائی جارہی ہے، اس موقع پر سندھ حکومت نے صوبائی سطح پر عام تعطیل کا اعلان کر رکھا ہے۔ برسی کی مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں ہو رہی ہے، جہاں پیپلز پارٹی کے تمام مرکزی رہنماء موجود ہیں، جبکہ ملک بھر سے جیالوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے، جو ذوالفقار علی بھٹو، نصرت بھٹو، بے نظیر بھٹو اور ان کے دیگر اہل خانہ کی قبروں پر فاتحہ خوانی کر رہے ہیں۔ برسی کی مرکزی تقریب سہہ پہر کو ہوگی، جس میں پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے علاوہ پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی خطاب کریں گے۔ ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، 6 ہزار سے زیادہ پولیس اہلکاروں کے علاوہ رینجرز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی اپنے فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہیں۔ دوسری جانب گڑھی خدا بخش میں ہی پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے زیر اہتمام بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے، جس میں پارٹی کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو موجود ہیں۔


خبر کا کوڈ: 624593

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/624593/گڑھی-خدا-بخش-میں-پیپلز-پارٹی-کے-بانی-ذوالفقار-بھٹو-کی-38-ویں-برسی-تقریبات-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org